پولیو کیخلاف جنگ میں افغانستان پاکستان سے آگے، عالمی ادارے کا اعتراف

منگل 7 جنوری 2025 22:57

پولیو کیخلاف جنگ میں افغانستان پاکستان سے آگے، عالمی ادارے کا اعتراف
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2025ء)حال ہی میں ایک عالمی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولیو خاتمے کے پروگرام میں افغانستان پاکستان سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔دنیا میں صرف دو ہی ممالک افغانستان اور پاکستان ہیں جہاں پولیو کے کیسز اب تک ریکارڈ ہورہے ہیں لیکن افغانستان کی صورتحال پاکستان کے مقابلے میں زیادہ بہتر دکھائی دیتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں سال 2024 میں پولیو کے 25 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دوسری جانب پاکستان میں 68 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (جی پی ای آئی) کی ایک دستاویز ظاہر کرتی ہے کہ 26 دسمبر 2024 تک پاکستان میں 67 پولیو کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ افغانستان میں 25 کیسز سامنے آئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے پولیو پروگرام کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا تھا کہ پاکستان حقائق پر مبنی رپورٹس شیئر کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور افغانستان کے مقابلے میں پاکستان کا رپورٹنگ سسٹم بہت بہتر ہے جس کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ افغانستان میں متعدد کیسز کی اطلاع نہیں دی جا سکتی.انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے پولیو کے خاتمے کے لیے اپنی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق اور نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق پر مشتمل ایک نئی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ اس بیماری کو مزید موثر اقدامات کے ذریعے ختم کیا جاسکے۔