وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ، کسان پیکج اور گندم کی کاشت سے متعلق جاری مہم کا جائزہ

پیر 6 جنوری 2025 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2025ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاوس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج اور زیادہ گندم اگا ئومہم سمیت دیگر اہم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کے حصول کیلئے اب تک 13لاکھ73ہزار کاشتکار آن لائن اپنی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں جبکہ 5 لاکھ سے زائد کسان کارڈزکے اجرا کی منظوری ہوچکی ہے اور ان میں سے4 لاکھ50 ہزار کسان کارڈز فیلڈ میں جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کیلئے53ارب روپے کی منظوری ہوچکی ہے جس میں سے اب تک32ارب روپے کی خریداری کی جا چکی ہے۔

کسان کارڈ کے ذریعے روزانہ 10 سے 12 کروڑ روپے کی خریداری کی جا چکی ہے۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ بینک آف پنجاب کے متعلقہ افسران کاشتکاروں سے رابطہ کریں اور کسان کارڈ کے متعلق کاشتکاروں کو اگر کسی قسم کے تکنیکی مسائل کا سامنا ہے تو اس کو فوری حل کی جائے۔اس کے علاوہ جو کارڈز فیلڈ میں پہنچ چکے ہیں ان کو فوری کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے فوری رابطہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 9500 قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں میں سے 3973کاشتکاروں کوگرین ٹریکٹرز صوبہ کے مختلف اضلاع میں فراہم کئے جا چکے ہیں۔مجموعی طور پر9010گرین ٹریکٹرز رواں ماہ کے دوران کاشتکاروں کو ڈلیور کر دئیے جائیں گے اور بقایا تمام ٹریکٹرز31 مارچ تک کاشتکاروں کو دے دئیے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔

100 اور اس سے زائدہارس پاور ہائی پاورز ٹریکٹرز اور جدید ہارویسٹرز کے فروغ کیلئے سروس پراوئیڈرز/پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو کرایہ پر جدید زرعی مشینری کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکے۔ اجلاس میں وزیر زراعت و لائیو سٹاک کو بتایا گیا کہ وزیراعلی پنجاب سولرائزیشن آف ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 8 ہزار بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویل کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے اب تک5لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ان میں سے60 ہزارسے زائد درخواست گزاروں کے ٹیوب ویلزڈیزل جبکہ4لاکھ41 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کے ٹیوب ویلزبجلی کے ذریعے آپریٹ ہورہے ہیں۔

اس کے لیے کوٹہ ضلعی سطح پر مقرر کیا گیا ہے اور متعلقہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی موجودگی میں اس کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر زراعت کو مزید بتایا گیا کہ وزیراعلی پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت فیزIکے دوران 1 ہزار سپر سیڈرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں جن کے استعمال سے گزشتہ برس1 لاکھ10 ہزار ایکڑ رقبہ پر دھان کی باقیات کو کارآمد بنایا گیا۔

اس پروگرام کے تحت دوسرے فیز کے دوران اب تک سپر سیڈرز کے حصول کیلئے2000 کاشتکاروں کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کر دئیے گئے ہیں جن میں سے1608کاشتکاروں نے اپنے حصہ کی رقم جمع کرا دی ہے۔ جولائی تک مزید 4000 سپر سیڈرز کاشتکاروں کو فراہم کر دیے جائیں گے تاکہ آئندہ دھان کی فصل کو آگ لگنے سے بچایا جا سکے۔ ساہیوال، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں ایگری مالز کے قیام کے سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک ضلع ساہیوال میں 79فیصد،سرگودھا میں 60فیصد،ملتان میں 70فیصد اور بہاولپور میں 62 فیصد عمارت کی تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

ایگری مالز کیلئے سول ورکس کاکام 30 جون تک مکمل ہو جائے گا۔اس کے علاوہ ٹماٹر کی آف سیزن کاشت کا ٹارگٹ مکمل کیا جا چکاہے۔صوبہ میں تیلدار اجناس کے فروغ کیلئے کینولہ کی فصل کو1 لاکھ71 ہزار ایکڑ پر کاشت کیا گیا ہے جبکہ سویابین کی بڑھوتری کیلئے7 ہزار ایکڑ رقبہ زیرِ کاشت لایا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کی راہنمائی کیلئے422ڈیمو پلاٹس لگائے گئے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب کے زیادہ گندم اگاو پروگرام کے تحت اب تک لیز ر لینڈ لیولرز اور ٹریکٹرز کیلئے28ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کسان پیکج کی ٹائم لائنز پر من و عن عملدرآمد جاری ہے۔صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا مرحلہ کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔

صوبہ میں 1 کروڑ 62 لاکھ ایکڑ رقبہ سے زائد پر گندم کاشت کی جاچکی ہے۔ گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے جامع پلان پر عملدرآمد کیا گیا۔ اس سال گندم کی کاشت ایک چیلنجنگ ٹاسک تھا لیکن محکمہ زراعت پنجاب کی فیلڈ فارمیشنز نے متحرک کردار ادا کیا اور اس مہم کی کامیابی میں ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، انجنئیر ساجدنصیر اور رانا تجمل سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔