کم سن شہید راشد منہاس

ہفتہ 19 فروری 2022

Esha Saima

عیشا صائمہ

اپنی جان نذر کرو اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں
راشد منہاس ١٧ فروری ١٩٥١ء کو  کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ  راجپوت گوت گھرانے میں پیدا ہوئے -
ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی-
١٩٦٨ء میں سینٹ پیٹرک سکول کراچی سے سینئر کیمبرج کیا۔ وہ ایک آرمی بیک گراؤنڈ سے تعلق رکھتے تھے-
ان کے خاندان کے بہت سے افراد ان سے پہلے بری بحری اور فضائی افواج میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے -
راشد منہاس کو بھی آرمی زندگی بہت پسند تھی - اس لئے انہوں نے اپنے لئے اسی زندگی کو چنا جو بامقصد تھی-
یوں وہ  پاک فضائیہ میں شامل ہو گئے -اب انہیں تربیت کے لیے پہلے کوہاٹ اور پھر پاکستان ائیر فورس اکیڈیمی رسالپور بھیجا گیا-فروری ١٩٧١ء میں پشاور یونیورسٹی سے انگریزی، ائیر فورس لا، ملٹری ہسٹری، الیکڑونکس، موسمیات، جہاز رانی، ہوائی حرکیات وغیرہ میں بی۔

(جاری ہے)

ایس۔ سی کیا۔ اس کے بعد  تربیت کے مقاصد کے لئے  کراچی بھیجے گئے۔ اور اگست ١٩٧١ء میں پائلٹ آفیسر بنے۔
٢٠  اگست ١٩٧١ءء کو ان  کی تیسری تنہا پرواز تھی۔ وہ ٹرینر جیٹ طیارے میں سوار ہوئے ہی تھے - کہ ان کا انسٹرکٹر سیفٹی فلائٹ آفیسر مطیع الرحمان خطرے کا سگنل دے کر کاک پٹ میں داخل ہو گیا- اور طیارے کا رخ بھارت کی سرحد کی طرف موڑ دیا۔ راشد نے ماڑی پور کنٹرول ٹاور سے رابطہ قائم کیا تو انھیں ہدایت کی گئی کہ طیارے کو ہر قیمت پر اغوا ہونے سے بچایا جائے۔


 اگلے پانچ منٹ راشد اور غدار انسٹرکٹر کے درمیان طیارے کے کنٹرول کے حصول کی کشمکش میں گزرے - اس دوران اس نے راشد منہاس کو زخمی بھی کیا-
مطیع الرحمان نے راشد منہاس سے طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی پوری کوشش کی- لیکن راشد منہاس نے اس کو ناکام بنا دیا۔ مطیع الرحمان کی تجربہ کاری کی بنا پر جب راشد منہاس نے محسوس کیا کہ طیارے کو کسی محفوظ جگہ پر لینڈ کرانا ممکن نہیں تو اس دلیر نوجوان نے آخری حربے کے طور پر جہاز کا رخ زمین کی طرف موڑ دیا- اور طیارہ زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا - جس کے نتیجے میں راشد منہاس اور مطیع الرحمان دونوں وفات پا گئے- لیکن ایک نے قابل رشک موت یعنی شہادت کا درجہ پایا اور تاریخ میں اپنا نام امر کر لیا۔

جبکہ دوسرا غدار کہلایا۔ راشد منہاس کے اس عظیم کارنامے کے صلے میں انھیں سب سے بڑا فوجی اعزاز نشانِ حیدر دیا گیا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :