بابائے قوم

ہفتہ 25 دسمبر 2021

Esha Saima

عیشا صائمہ

قائد اعظم محمد علی جناح جنہیں بانیء پاکستان کہا جاتا ہے- 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے - انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی میں حاصل کی پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے انگلستان چلے گئے - وہاں سے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایک اچھے اور نامور وکیل کے طور پہ سامنے آئے - تعلیم کے دوران ہی انہیں احساس، ہوا کہ مسلمانان ہند کے لئے ایک الگ وطن ہونا چاہیے جہاں وہ اپنے مذہب پر عمل پیرا ہو سکیں - اسی لئے انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا اور اپنی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد سے ایک الگ وطن پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے -
انہوں نے زندگی میں کچھ اصول بھی بنائے جن پر وہ خود بھی عمل پیرا ہوئے اور کامیابی و کامرانی حاصل کی-
ان کی ہر بات سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے - ان کے کچھ اصول ہیں جن پر آج بھی عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا میں ایک عظیم قوم بن کر ابھر سکیں -
انہوں نے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کا پیغام دیا جس پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک بہترین قوم کے طور پر سامنے آسکتے ہیں -
ان کا کہنا تھا ہمیں متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں ایک قوم بن کر کام کرنا اورخود کو سندھی،پنجابی، بلوچی ، پٹھان سے ہٹ کر بحیثیت قوم نہ صرف منوانا ہے بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے-
ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمیں اس بات پر فخر کرنا چائیے - کیونکہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی - کہ اس کے لئے ہم نے بہت محنت، مسلسل جدوجہد کے اصول کو اپنایا اور بہت سی مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس سے پوری دنیا نے سمجھا کہ ہم بحیثیت قوم یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ کسی بھی مشکل سے لڑ سکتے ہیں اور  کسی کو بھی گرانے کی ہمت ہم میں موجود ہے-
ان کا کہنا تھا کوئی قوم اسوقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس کی خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام  نہ کریں بلکہ اس قوم کی ترقی کا انحصار دونوں کے مل جل کر کام کرنے میں پوشیدہ ہے-
وہ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ انصاف اور مساوات ایسے اصول ہیں جن پر عمل کر کے ہم ایک عظیم اور مثالی قوم کی حیثیت سے اپنے آپ کو منوا سکتے ہیں -
  قائد کا کہنا تھا کہ آپ قوم کی حیثیت سے کسی حکومت کو منتخب کریں یا ہٹا دیں یہ آپ کے اختیار میں ہے لیکن اس کے لئے غلط راستے کا انتخاب نہ کریں بلکہ آپ کو اس کے لئے نظام اور اور اس کے اصولوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے-اگر آپ کسی حکومت سے مطمئن نہیں ہیں توآئین آپ کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ آپ  حکومت کو برطرف کر دیں- لیکن اس کے لئے آپ کو   قانونی طریقہ اپنانے کی ضرورت ہے - تاکہ شر اور فساد پیدا نہ ہو-
آپ کے یہ وہ تاریخی الفاظ ہیں جن پر آج بھی اگر عمل کیا جائے تو ہم پوری دنیا میں ایک عظیم قوم بن کر ابھریں گے اور ایک پائیدار مملکت کے وجود کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے قابل ہو جائیں گے-

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :