بھارت مخالف سکھ رہنما کی وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارک باد

پاکستان کی قیادت سلامتی کونسل میں اہم قراردادوں کی منظوری کے لیے ممکنہ راہیں ہموار کر سکتی ہے، سکھ رہنما

جمعرات 9 جنوری 2025 17:30

بھارت مخالف سکھ رہنما کی وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارک باد
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء)بھارت مخالف سکھ رہنما گورپتونت سنگھ نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کا سیکورٹی کونسل میں غیرمستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کردی۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سکھوں کی تنظیم سکھس فار جسٹس کے جنرل کونسلر گورپتونت سنگھ پنوں کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط کے ذریعے مبارک دی۔

انہوں نے پاکستان کا سیکورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن منتخب ہونا اہم کامیابی قرار دیا۔خط میں سکھس فار جسٹس سکھوں کے حقوق کیلئے حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے اور عالمی سطح پر ان کے مقصد کو انسانی حقوق کے ایجنڈے کے حصہ کے طور پر تسلیم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔گورپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی امن، انصاف اور یو این چارٹر کے اصولوں کے لیے اس کی پختہ لگن کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا خط میں کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ کامیابی بین الاقوامی سیاست میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اس کی سیکیورٹی اور عالمی سطح پر تعاون کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔گورپتونت سنگھ نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کا حالیہ بیان جس میں آپ نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید کی، بروقت اور قابل ستائش ہے۔

خالصتان تحریک کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کا کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حق میں موقف سکھوں کی خالصتان کے لیے جمہوری جدوجہد کی حمایت کیلئے ایک مثال بن سکتا ہے۔ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید عالمی برادری کو یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ مظلوم اقوام کی آزادی اور انصاف کے لئے جدوجہد کی اخلاقی اور قانونی اہمیت کو تسلیم کیا جائے۔

گورپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ سکھوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی حمایت پر غور کریں، پاکستان کی قیادت سلامتی کونسل میں اہم قراردادوں کی منظوری کے لیے ممکنہ راہیں ہموار کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خط اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آزادی پسند تنظیم سکھس فار جسٹس پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت میں بہتری اور اس کے عالمی مسائل پر اثر انداز ہونے کی اہمیت کو سمجھتی ہے۔