پانچ دن، سات دن یا دس دن؟

پیر 30 نومبر 2020

Ammar Masood

عمار مسعود

نواز شریف کی والدہ شمیم اختر نے زندگی میں بہت نشیب و فراز دیکھے۔ انہوں نے ساٹھ اور ستر کی دہائی میں وہ وقت بھی دیکھا جب ہر طرف انکے شوہر کے کاروبار کا طوطی بولتا تھا۔ کاروبار میں ایسی برکت ہوئی کہ دنیا بھر میں میاں شریف کا نام ہوا۔ اس وقت یہ خاندان پاکستان کے رئیس ترین خاندانوں میں شمار ہوتا تھا۔ بھٹو دور میں نیشنلائزیشن کا نعرہ لگا تو میاں شریف سب کچھ سمیٹ کر دساور کے سفر پر جا نکلے۔

عرب ممالک نے پاکستان کے ایسے بزنس مین کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔ آپی جی کی دعاوں میں ایسی برکت ہوئی کہ کاروبار بیرون ملک بھی پھلنے پھولنے لگا۔ سربراہان مملکت سے ملاقاتیں ہونے لگیں۔ بڑے بڑے لوگ گھر پر مدعو ہونے لگے۔ لیکن اس سے آپی جی کی سوچ میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تر امارات کے باوجود ہمیشہ سادہ لباس پہنا۔ نماز روزے کی پابندی کی۔

عزیز رشتہ داروں کا ہر مشکل میں خیال رکھا۔ کس کے گھر تعزیت کے لیئے جانا ہے ؟ کہاں مبارک باد دینی ہے؟ کہاں کسی بچے کے رشتہ کی بات کرنی ہے؟ کہاں کس کی چپکے سے مدد کرنی ہے؟ کس کے لئے نماز کے بعد خصوصی دعا کرنی ہے؟ کس کی کامیابی کے بعد شکرانے کے نفل پڑھنے ہیں؟ یہ سب فیصلے ہمیشہ سے آپی جی نے خود ہی طے کیئے تھے۔ لیکن ان کی زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ انکی دعائیں تھیں، نماز روزے کی عادت تھی۔

وہ آخری وقت تک اس معمول کی پابند رہیں۔ اس میں کوئی رخنہ یا روکاوٹ انہیں قبول نہیں تھی۔  
پھر اس خوش قسمت خاتون نے وہ وقت بھی دیکھا کہ ایک بیٹا وزیر اعظم بنا اور دوسرا سب سے بڑے صوبے کا وزیر اعلی۔ وہ اس وقت بھی شکرانے کے نفل پڑھتی تھیں ۔  گھر میں آنے والے ہر شخص سے شفقت سے ملتیں ۔ اسکے سر پر پیار کرتیں اور دعاوں سے سرفراز کرتیں۔ سیاسی معاملات میں وہ بہت زیادہ گفتگو نہیں کرتی تھِیں نہ کسی بحث میں الجھتی تھیں ہاں البتہ اگر کوئی شخص کج بحثی کرے یا کوئی بات انہیں ناگوار گذرے تو خاموش ہو جاتی تھیں ۔


انہیں اپنے سب ہی بچوں سے ہر ماں کی طرح بہت محبت تھی۔ لیکن نواز شریف کے ساتھ وہ خصوصی لاڈ کرتی تھیں۔ نواز شریف نے بھی ساری عمر ماں کے اس لاڈ کا حق ادا کیا۔ نواز شریف روز صبح انکو سلام کرتے۔ ان سے دعا لیتے پھر گھر سے نکلتے تھے۔ دوست بتاتے ہیں کہ اکثر ایسا ہوا کہ میاں صاحب کے مہمان آئے ہوئے ہیں کھانا لگ چکا ہے۔ خوش گپیاں ہو رہی ہیں اور اچانک نواز شریف کھانے سے پہلے مہمانوں سے کچھ وقت کی اجازت لے لیا کرتے تھے کہ انہیں ماں کی خدمت میں پیش ہونا تھا۔

میاں صاحب والدہ سے عجیب لاڈ کرتے تھے۔ ان کے ہاتھ چومتے، ان کے پاوں میں بیٹھتے، انکی ہر بات ادب سے سنتے ، کبھی ان سے اختلاف نہیں کرتے تھے۔ ان کا ہر کام خود کرنے کی کوشش کرتے۔ اس خدمت کے بدلے میں نواز شریف  آپی جی سے بچوں کی طرح دعاوں کے ملتمس رہتے۔ حج کے موقعے پربھی نواز شریف کی خواہش ہوتی کہ طواف کے دوران وہیل چیئر وہ خود تھامیں۔
آپی جی نواز شریف کے جیل جانے پر بہت پریشان تھیں وہ بار بار ملنے والوں سے سوال کرتیں کہ جب عدالت نے کہہ دیا ہے کہ نواز شریف نے کوئی جرم نہیں کیا تو یہ انہیں رہا کیوں نہیں کرتے۔

جیل کے دورے کے دوران شمیم اختر مرحومہ نے کئی دفعہ ضد کی کہ انہیں نواز شریف کےساتھ ہی جیل میں رکھا جائے۔ لاڈلے بیٹے سے جدائی انکو برداشت نہیں تھی۔ ایسے میں انہیں سمجھا بجھا کر واپس بھیجا جاتا۔ نواز شریف انہیں کیا بتاتے کہ آپی جی آپ جیل میں نہیں رہ سکتیں ۔ یہ صرف اس ملک کے سیاستدانوں کا مقدر ہے۔ یہاں جیل صرف انکے نصیب میں لکھی گئی ہے جنہوں نے اس ملک کی خدمت کی ۔

جنہوں نے عوام کو شعور دیا ۔ آپ جیل میں نہیں رہ سکتیں آپ کوئی سیاستدان تھوڑی ہیں؟
اپنے انتقال سے کچھ ماہ پہلے آپی جی لندن چلی گئیں۔ وہیل چیئر پر تو تھیں  مگر اتنی طبیعت خراب نہیں تھی۔ اس قیام کے دوران وہ اسحاق ڈار کے گھر بھی گئیں۔ ہنستے کھیلتے سب سے ملاقات کی اور اپنا بہترین مشغلہ یعنی سب کو دعائیں دینے کا سلسلہ جاری رکھا۔ آخری پانچ دن طبیعت زیادہ خراب ہوئی۔

اور بالاخر ترانوے برس کی عمر میں آپی جی سب کو دعائیں دیتے اس جہان سے رخصت ہوگئیں۔ ان کو آخری لمحے تک شہباز شریف کی گرفتاری کےبارے میں بے خبر رکھا گیا کہ اس خبر کا صدمہ ان سے برداشت نہیں ہونا تھا۔ یہ وہی کیفیت تھی جب بیگم کثوم نواز کے انتقال کے وقت ان سے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی خبر چھپائی گئی۔ نواز شریف کے ذہن میں یہ دونوں واقعات نیزے کی انی کی طرح گڑے ہوئے ہیں۔

وہ اس غم کا ذکر بہت کم کرتے ہیں لیکن قریبی لوگ جانتے ہیں کہ یہ وہ واقعات ہیں جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
آپی جی نے مشرف کے دور میں جلاوطنی بھی دیکھی، اس دور پر آشوب میں بچوں کی گرفتاریاں بھی دیکھیں۔ لاڈلی بہو کے جانے کا غم بھی سہا۔ لیکن اس کے باوجود انکی دعا دینے کی صفت میں ذرا بھر تبدیلی نہیں آئی۔ وہ اپنی دعاوں پر کامل یقین رکھتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوئی ہیں۔


سیاسی مںظر نامے پر آج کل یہ خبر بہت رنگ جما رہی ہے کہ شہباز شریف کو والدہ کے جنازے کو کاندھا دینے کے لیئے کتنے دنوں کے لیئے پیرول پر رہا کیا جائے۔ حکومت تھوڑا وقت دینے پر مصر ہے جب کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز زیادہ وقت مانگ رہے ہیں۔ اس پربے ضمیر تجزیہ کار ٹی وی سکرینوں پر وہ زہر اچھال رہے ہیں کہ سمجھ نہیں آتا کہ انسان ایسے شقی القب کیسے ہو سکتے ہیں ؟ سب جانتے ہیں کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز جن مقدمات میں قید ہیں اسکے پیچھے کوئی کرپشن نہیں صرف اور صرف چند لوگوں کا انتقام ہے۔

جی میں آتا ہے کہ میں ان تمام زہرآلود تجزیہ کاروں سے ایک دفعہ یہ سوال ضرور کروں کہ جب خدا نخواستہ آپ کی والدہ کا انتقال ہو جائے گا تو آپ کو ماں کو غم منانے کے لیئے کتنے دن درکار ہوں گے؟ پرسہ دینے والوں کے گلے لگ کر رونے کے لیئے کتنے دن چاہیں ہوں گے؟ ماں کی قبر کی مٹی پر دعا کرنے لے لیئے کتنے دن کافی ہوں گے؟ پانچ دن، سات دن یا دس دن؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :