Live Updates

وزیر تجارت جام کمال خان کی جنوبی کوریا کے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے موقع پر کوریا امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سے ملاقات

بدھ 8 جنوری 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جنوبی کوریا کے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے موقع پر کوریا امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بیونگ وان کم سے ملاقات کی اور جبکہ پاکستان میں کوریا کے تین سابق سفیروں کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکت کی ۔ بدھ کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق اس دورے کا محور اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھانا، دو طرفہ تجارت کو فروغ دینا اور کوریائی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے تین روزہ دورے کے پہلے روز کوریا کسٹمز سروس کے کمشنر کو وانگ ہایو کے ساتھ کسٹم تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، دونوں فریقوں نے کسٹمز کے معاملات میں باہمی تعاون کے زیر التواء معاہدے کو حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کوریا امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بیونگ وان کم سے ملاقات کی جس میں تجارتی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جام کمال نے مہنگائی اور شرح سود میں کمی سمیت پاکستان کی معاشی بحالی پر روشنی ڈالی اور کورین مینوفیکچررز کو 26تا28 فروری 2025 کو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی فوڈ اے جی نمائش میں مدعو کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں کوریا کے تین سابق سفیروں کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکت کی جنہوں نے اقتصادی شراکت داری معاہدے کے لیے مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے معاہدے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور تجارتی حجم کو نمایاں طور پر بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ سفراء نے داخلی منظوری کے عمل کو تیز کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں وزیر کے کردار کی تعریف کی۔پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا نے جام کمال خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں 300 سے زائد پاکستانی تاجروں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے شرکاء کو ای پی اے کے فوائد سے آگاہ کیا اور ان کے چیلنجوں سے نمٹنے میں حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ملک کی ترقی میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر کو ان کی کاوشوں کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی گئی۔جام کمال نے کورین فرموں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کی، سٹارڈسٹ کمپنی کے سی ای او نے انسداد جعل سازی کی ٹیکنالوجی پر توجہ دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دریں اثنا، ایس ٹی ایس روبوٹیک کے سی ای او نے خوراک کی پیداوار کے لیے روبوٹکس کی اختراعات پیش کیں اور کوریا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنے تعاون کا اشتراک کیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے دورے کے پہلے دن نے پاک کوریا اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کی مضبوط بنیاد رکھی۔ اعلیٰ سطحی مصروفیات اور تزویراتی بات چیت کے ذریعے وفاقی وزیر نے جنوبی کوریا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو تقویت دی۔
مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات