اسلام آباد میں بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر میں سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات پہنچائیں گے، عبدالعلیم خان

جدید ،ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی تیز تر فراہمی ممکن بنارہے ہیں، انویسٹرز کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرینگے، وفاقی وزیر سرمایہ کاری

بدھ 8 جنوری 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات بہم پہنچائیں گے، باقی ماندہ تعمیر مکمل کر کے سینٹر کو رواں ماہ میں فنکشنل کر دیاجائے گا۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے بدھ کو یہاں اسلام آباد کے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات بہم پہنچائیں گے، بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کی باقی ماندہ تعمیر مکمل کر کے اسی ماہ میں فنکشنل کر دیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آئندہ ماہ اس کاروباری سہولت مرکز کا افتتاح کریں گے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہر کانٹر پر متعلقہ آفیسرز ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ چار ماہ میں اس قدر شاندار اور معیاری سہولت مرکز کی تعمیر لائق تحسین ہے۔ انہوں نے سہولت مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور ہدایات جاری کیں ۔

انہوں نے کہا کہ جدید اور ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی تیز تر فراہمی ممکن بنارہے ہیں، ہمیں اپنے انویسٹرز کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ مرکز میں مانیٹرنگ کے موثر نظام، شکایتوں کے ازالے اور صارفین کی تجاویز کو اہمیت دی جائے، بزنس فیسلیٹیشن سینٹر میں تمام نظام کمپیوٹرائزڈ اور آن لائن ڈیٹا کی سہولت بھی ہونی چاہئے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو مختلف سہولیات کی آن لائن فراہمی کیلئے کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے مرکز کے دورے کے بعد اعلی سطحی بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 490 ملین روپے کا 12 ہزار مربع فٹ کایہ منصوبہ سی ڈی اے اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کا اشتراک ہے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے منصوبے کی بروقت اور معیار کے مطابق تعمیر پر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔