راولپنڈی ،81لاکھ روپے چوری کا ڈراپ سین، سویٹر کی وجہ سے بیٹی اور دوست پکڑے گئے

ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، ایس پی راول ٹائون

بدھ 8 جنوری 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)راولپنڈی کے تھانہ سٹی کی حدود میں گھر سے 80لاکھ روپے سے زائد نقد رقم چوری کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے چند گھنٹوں میں بیٹی اور دوست کو گرفتار کرلیا۔ایس پی راول حسیب راجہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیسں ایمرجنسی پر کال موصول ہوئی کہ تھانہ سٹی کے علاقے میں گھر سے 80لاکھ روپے سے زائد نقدی چوری ہوئی ہے جس پر پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیں پانچ گھنٹوں میں سی سی ٹی کیمروں و ٹیکنالوجی کی مدد سے واردات کو ٹریس کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ مدعی کی اپنی بیٹی سحرش اور اس کا ساتھی فہد ہی چور نکلے جن کو گرفتار کر کے 80لاکھ روپے نقد برآمد کرلئے گئے ہیں۔ملزمہ سحر نے والد کو بتایا کہ وہ گھر میں اکیلی تھی اس دوران ایک عورت آئی جس نے اسپرے سے اسے بے ہوش کر دیا اور واردات کی، مدعی نے 15پر ڈکیتی کی کال کی جس پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سینئر افسران کو موقع پر پہنچنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

مدعی کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی فوٹیج، ٹیکنیکل ذرائع سے تفتیش کا آغاز کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون کا ہاتھ اور سویٹر نظر آیا جس کی تحقیقات کرتے ہوئے پولیس ملزمہ تک پہنچ گئی۔پولیس نے ملزمہ سحر کو شامل تفتیش کیا تو اس نے اپنے ساتھی کیساتھ مل کر منصوبہ بندی سے واردات کا انکشاف کیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ اور ساتھی کو گرفتار کر لیا اور ملزمان سے نقدی برآمد کرلی ۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے چند دنوں میں رقم لے کر بیرون ملک فرار ہونے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ ایس پی راول نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔