معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے بغیر ہم بحیثیت قوم پروان نہیں چڑھ سکتے،ڈائریکٹر نیب سید سلیم احمد

بدھ 8 جنوری 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء) اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر، سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (SSUET) کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی نے ایک Narratives Poster Essay (PEN'24) مقابلہ کا انعقاد کیا جس میں فیکلٹی ممبران اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب سید محمد سلیم احمد نے کہا کہ معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے بغیر ہم بحیثیت قوم پروان نہیں چڑھ سکتے۔

کرپش کے خلاف ایک جامع اور مربوط مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ بدعنوانی نہ صرف ہمارے معاشرے کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے بلکہ یہ ایک ایسی موذی بیماری ہے جو اداروں کو کھا جاتی ہے۔۔ اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے اور معاشرے میں منفی رجحانات کو فروغ دیتی ہے۔سرمایہ کاری رک جاتی ہے اور معاشرہ عدم مساوات کا شکار ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ جامعات اور طلبا اس جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ہمیں اپنے نوجوانوں میں دیانتداری اور اخلاقیات کی اقدار کو ابھارنا چاہیے، انہیں مستقبل میں کرپشن جیسے فتنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا چاہیے۔ڈائریکٹر نیب سید سلیم احمد نے کہا کہ ہم کرپشن سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کی طاقت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔۔ہم ایک ساتھ مل کر، آنے والی نسلوں کے لیے اتحاداور سالمیت کی ایک میراث قائم کرسکتے ہیں۔

اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے،سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرارکموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ بدعنوانی، چاہے کسی بھی شکل میں ہو، عوامی اعتماد کے ساتھ خیانت ہے۔ بدعنوانی ترقیاتی کاموں میں رخنے ڈالتی ہے اوررکاوٹ پیدا کرتی ہے۔یہ، عدم مساوات کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ، تعلیم اور صحت کے منصوبوں کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنے کے لیے طلبا ایک موثر کردار اد ا کرسکتے ہیں۔

۔ہم طلبا کے ساتھ مل کر بدعنوانی سے پاک ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جو انصاف، شفافیت اور دیانتداری کے اصولوں کی عکاسی کرے۔ آئیے ہم اس لعنت سے لڑنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہیں۔تقریب کے اختتام پر سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے مہمان خصوصی سید محمد سلیم احمد کو شیلڈ پیش کی۔ ڈائریکٹر نیب سید سلیم احمد نے رجسٹرار سید سرفراز علی، کنوینر گائیڈنس سنٹر سراج خلجی اور شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے چیئرپرسن ڈاکٹر شکیل کے ہمراہ پوسٹر ڈیبیٹ، بیانیہ اور پوسٹر مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو انعامات دئیے۔سیمینار کا میاب انعقاد پر کفیل احمد کی کاوشوں کے بے حد سراہا گیا۔