2025 کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا سال ہوگا ،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

عملی اقدامات سے ثابت کیا جائے گا کہ کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں،میئر کراچی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 8 جنوری 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ 2025 کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا سال ہوگا ، عملی اقدامات سے ثابت کیا جائے گا کہ کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں، پانی کی لائنیں توڑنے والے ہر دور میں ہوتے ہیں ، ہمارے دور میں پانی کی لائنیں ڈالی جا رہی ہیں، جہاں کوتاہی ہوگی اس کی تحقیقات کروائیں گے،ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی ہیں، کراچی والوں کے مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، پیپلزپارٹی وہ کام کرتی ہے جس کا فائدہ عوام کو ہوتا ہے ،بلاول بھٹو کی سربراہی میں بہتری اور ترقی کاسفرجاری رہے گا ، امید ہے وزیر اعظم دورہ کراچی کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریںگے، وزیر اعظم کو ایسے اقدامات اٹھانے چاہئیں جن سے شہر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے نجات ملے اور کراچی والوں کی زندگی آسان ہو ،یہ بات انہوں نے بدھ کے روز ناظم آباد نمبر 4 ، ناظم آباد نمبر 2 ، اور غریب آباد میں ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ نوتعمیر شدہ سڑکوں، پیور اور فٹ پاتھ کی تعمیر کا افتتاح کے بعدمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد ، جمن دروان، ڈائر یکٹر جنرل انجینئرنگ طارق مغل اور دیگر افسران اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ عوامی سہولت کے منصوبے ہماری اولین ترجیح ہیں ، میں ڈپٹی میئر اور کے ایم سی کا عملہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں موجود ہے جس مقام پر بیٹھا ہوں وہاں سڑک کی کارپیٹنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے، پیور بلاک اور ٹف پیور ٹائلز لگائے ہیں، یہاں ضمنی انتخابات میں یوسی کی عوام نے ہمیں سپورٹ کیا ، تاریخ کے ساتھ تصویر کھینچی جاتی ہے تاکہ شہریوں کو پتہ چلے کیا کام ہو رہا ہے ، انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پانچ ٹاؤنز میں سے ایک بھی پیپلزپارٹی کے پاس نہ ہونے کے باوجودیہاں کام جاری ہیں کیونکہ کراچی والوں کے مسائل حل کرنا ہمارافرض ہے،ضلع وسطی میں متعدد ترقیاتی کام کراچکے ہیں جن میں لیاقت آباد سے تین ہٹی تک سڑکوں کی مرمت، سیوریج نظام کی درستگی اور مختلف مقامات پر کارپیٹنگ اور پیور بلاک کی تنصیب شامل ہے ،شا ہراہ نور جہاں، سنگم گراؤنڈ اور دیگر منصوبوں پربھی کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ، سنگم گراؤنڈ ہم اپنے لیے نہیں وہاں کے رہائشیوں کے لیے بنوارہینہیں، جب ہم بلدیہ عظمیٰ کراچی میں آئے تو فی یوسی پانچ لاکھ روپے ملتے تھے ، حکومت سے بات کر کے ہم نے یوسی کو 12 لاکھ روپے دلوائے، ٹاؤنز کے وسائل میں ہم نے اضافہ کیا ، شاہراہ نور جہاں ہم بناتے ہیں اوراس کی کٹنگ کی اجازت ٹاؤن دے دیتا ہے ، اگر میری یوسی میں گٹر کا ڈھکن نہیں لگا تو مجھے لگانا چاہئے، گٹر کا ڈھکن اس لئے چوری ہورہا ہے کہ وہ بک رہا ہے ، شاہ فیصل کالونی میں گٹر میں گرنے والے بچے کی موت کی افسوس ہے ، وہاں کے یوسی چیئرمین کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، پولیس کباڑی مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے، انہوںنے کہاکہ شہر میں بعض مقامات پر مسائل ہیںجیسے گٹر کے ڈھکن کی چوری جس کی تحقیقات کروائیں گے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، انہوں نے کہاکہ ماضی میں لیاری ایکسپریس وے کو مکمل ہونے میں 29 سال لگے مگر ملیر ایکسپریس وے کو ہماری حکومت نے تیزی سے مکمل کیاجو ہیوی ٹریفک کے لیے بھی موزوں ہوگا۔

بولٹن مارکیٹ والا تنازعہ میری پیدائش سے قبل کا تھا ، اس کے حل سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو 25 نئے آفس اور خطیر ریونیو ملا ، بولٹن مارکیٹ میں ایک پورا فلور ہے جس میں تین سو گاڑیاں پارک ہو سکتی ہیں ، چاہوں گا کہ شہر میں اسی طرح کی بہتری آئے ، آئی آئی چندریگر روڈ کے اطراف ریلوے کی زمین پر پارکنگ کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا، ہیوی ٹریفک کورنگی روڈ،لانڈھی اور شاہراہ پاکستان سے گزرتا ہے، ہیوی ٹریفک کو بند کروں گا تو مجھ پر الزام لگے گا ، جب کہتا ہوں کہ ہیوی ٹریفک لیاری ایکسپریس وے پر چلاؤ تو مصطفی کمال مخالفت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سفاری پارک میں موجود ہتھنیاں بڑے اور بہتر جگہ منتقل ہوں تاکہ جانوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

پچھلے دو سالوں سے جو بھی کام ہو رہا تھا وہ فور پاز کے کہنے پر ہو رہا تھا ،سری لنکن ڈاکٹرز نے کے ایم سی کورہنمائی فراہم کی ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس شہر کے مسائل سنجیدگی سے حل کر رہی ہے ،پیپلز پارٹی عوام سے کئے گئے ہر وعدے کو پورا کرے گی۔