نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا ، رانا صابر

بدھ 8 جنوری 2025 21:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)جمعیت علمائے اسلام یوتھ ونگ کراچی کے صدر رانا محمد صابر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک سیاسی بے چینی اور اضطراب کا شکار ہے، تاہم پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور ہم دن بدن جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی میں ترقی کر رہے ہیں جس سے ہمارے دشمن خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ہم سب کو مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ ملک کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمارے لئے فخر کاباعث ہیں جو سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔ پاک فوج کی قربانیاں ہمارے قومی وقار اور دفاع کے لئے بے حد اہمیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

دشمن کی تمام سازشوں کے باوجود ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔رانا محمد صابر نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور ترقی پاک فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، ہمیں اپنے قومی اداروں کا احترام کرتے ہوئے انہیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

ہمیں پاک فوج کے کردار کو سراہنا چاہیے اور اس کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ ہمارے دشمنوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان کی عوام اور افواج ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا ہوگا تاکہ وہ معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس کے لئے حکومت کو فوری طور پر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ نوجوان نسل کو اپنے خوابوں کی تکمیل میں مدد ملے۔

رانا محمد صابر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا تاکہ ہم سب مل کر ملک کو مشکلات سے نکال کر ایک کامیاب اور مستحکم ریاست بنا سکیں۔ ہماری فوج ہماری طاقت ہے اور اس کے شانہ بشانہ چل کر ہم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے آخر میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کی تعلیم، کھیلوں اور ہنر مندی کے شعبے میں خصوصی اقدامات کرے تاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہو اور ہم عالمی سطح پر اپنی اہمیت برقرار رکھ سکیں۔