وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈاکٹروں سے مریضوں کی خدمت کا عہد لیا

ڈائیلسز کے مریضوں کیلئے سالانہ فنڈ7لاکھ سے ایک ملین کرنے کا اعلان موٹر سائیکل منی کلینک متعارف کرانے، آرگن ایمپلانٹ پراجیکٹ ، انسولین کی گھروں میں فراہمی کابھی اعلان وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا ہسپتالوں میں مریضوں کی رہنمائی کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم اور فعال کرنے کا حکم ڈاکٹر’’ ایک انسان کی جان بچائی، پوری انسانیت کی جان بچائی‘‘ کو گائیڈ لائن بنائیں‘وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف ڈاکٹر نئے مریم نوازہیلتھ کلینک کی دیکھ بھال ، صفائی ستھرائی اور بہتر انتظامات یقینی بنائیں‘مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب

بدھ 8 جنوری 2025 04:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ڈاکٹروں سے مریضوں کی خدمت کا عہد لیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں ڈائیلسز کے مریضوں کے لئے سالانہ فنڈ7لاکھ سے ایک ملین کرنے کا اعلان کیا۔ پنجاب میں موٹر سائیکل منی کلینک متعارف کرانے، آرگن ایمپلانٹ کے لئے پراجیکٹ جلد شروع کرنے اورپنجاب بھر میں ٹائپ ون پیشنٹ کے لئے انسولین کی گھروں میں فراہمی کے پراجیکٹ کابھی اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہسپتالوں میں مریضوں کی رہنمائی کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم اور فعال کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے 150 مراکز صحت کو’’ مریم نواز ہیلتھ کلینک ‘‘ میں تبدیل کرنے کے پراجیکٹ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر’’ ایک انسان کی جان بچائی، پوری انسانیت کی جان بچائی‘‘ کو گائیڈ لائن بنائیں۔

(جاری ہے)

اکیلی ہیلتھ سسٹم ریفارمزنہیں کر سکتی ، ڈاکٹروں کی مدد کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر نئے مریم نوازہیلتھ کلینک کی دیکھ بھال ، صفائی ستھرائی اور بہتر انتظامات یقینی بنائیں۔ ہسپتالوں میں نرسوںکی کمی بھی پوری کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ موٹرسائیکل پر پیرا میڈیکل سٹاف ابتدائی تشخص اور علاج مہیا کرے گا۔ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے پیرا میڈیکل سٹاف کا ڈاکٹرسے رابطہ ہوگا۔

سچے دل سے عوام خدمت کرنے والوں ڈاکٹروں کو دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے۔منصب سنبھالنے کے لئے ہیلتھ ریفارمز سب سے بڑا چیلنج تھا۔ مسائل بہت زیادہ ہیں راتو ں رات تبدیلی ممکن نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 12کروڑ آبادی کے علاوہ بلوچستان،کے پی کے، کشمیر اور افغانستان سے افراد بھی پنجاب کے ہیلتھ سسٹم سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔وسائل اور ہسپتالوں کا کم ہونا بہت بڑا چیلنج ہے۔

چاہتی ہوں کہ ہیلتھ ٹیم کی سپیڈ میری سپیڈ سے بھی زیادہ ہو۔ پنجاب میں تقریباً 90فیصدادویات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔ ہسپتالوں میں رک رک کر مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی کا خود دریافت کر تی ہوں۔نو سے پانچ بجے تک وقت گزرانے کا رویہ افسوس ناک ہے ، بدلنا ہوگا۔ ہسپتال سے ادویات حتی کہ انسولین کا چوری ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ادویات چوری سے متعلق سوال سن کر چین کے ہسپتال کے حکام حیران رہ گئے۔

نجی سیکورٹی والے ہسپتالوں میں داخل ہونے کے لئے مریضوں سے پیسے مانگتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ لاہور کے تین بڑے ہسپتالوں میں بہتری لانے کے لئے اپنے افسران لگائے ہیں۔ فیلڈ ہسپتالوں سے 70لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔ بزرگ مریضوں کو ہسپتال جانا نہیں پڑتا، گھر کے پاس علاج ممکن ہے۔ کلینک آن ویلز سے گلی محلوں میں علاج کیا جارہا ہے۔

چاہتی ہوں کم از کم ایک لاکھ لوگوں کو دو ماہ کے لئے کینسر کی ادویات گھر بیٹھے ملیں۔پنجاب میں بلوچستان، کے پی کے، سندھ اور آزاد کشمیر کے مریضوں کا علاج ہورہا ہے۔دو ماہ کے لئے مفت میڈیسن گھر بیٹھے ملنے پر بلوچی مریض نے کہا کہ آدھا بلوچی ہوں اور آدھا پنجابی ہوں۔ کینسر کے علاج کے لئے نیا ہسپتال بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی طریقہ کار سے کینسر ٹیومر کا علاج ممکن ہے۔

پنجاب کے ہسپتالوں میں دنیا کی بہترین مشینری لائیں گے۔پنجاب میں 1250 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کی جارہی ہے، 904 مکمل ہوچکے ہیں۔ ری ویمپنگ کے بعد ہمارے ہسپتال دنیا کے بہترین ہسپتالوں کے برابر ہوں گے۔ بنیادی مراکز صحت کو صحیح طریقہ سے فنکشنل کرنے پر بڑے ہسپتالوں میں رش کم ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ڈاکٹر دراصل حقیقی تبدیلی کے ایجنٹ ہیں، خدمت میں ہاتھ بٹائیں۔

مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ای سی جی ، الٹراسائونڈ اور دیگر مشینیں بھی دیں گے۔ بنیادی تشخیص کے لئے سی ٹی سکین اور ایم آر آئی مشینیں بھی دیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ڈاکٹر ساتھ دیں ہم وہ کام کر جائیں گے جو ہیلتھ سسٹم کی شکل بدل دے گا۔ انسولین ہوم ڈیلیوری کے لئے کولڈ چین ڈویلپ کررہے ہیں۔ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام سے پرانے مریضوںکا بیک لاگ ختم ہورہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بہت سے بچے نازک حالت میں تین تین سال سے ہارٹ سرجری کا انتظارکررہے تھے۔