پی بی45میں پیپلز پارٹی کی کامیابی دراصل عوام کی خوشحالی کی نوید ہے، خیرمحمد ترین

پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ،صوبے میں پہیہ جام ہڑتال دراصل عوام کو تکلیف دینے کے سواکچھ نہیں ہے،پریس کانفرنس

بدھ 8 جنوری 2025 04:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیرمحمد ترین نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی45میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی دراصل عوام کی خوشحالی کی نوید ہے سریاب کے لوگ عرصہ دراز سے نظر انداز رہے ہیں حاجی علی مدد جتک سریاب کے نمائندے کی حیثیت سے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے ،پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں صوبے میں پہیہ جام ہڑتال دراصل عوام کو تکلیف دینے کے سواکچھ نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد گل شاہوانی ،ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی ،ولی وردگ ،جبار خلجی ،نعمت لالہ ، ڈاکٹر عبیدکاکڑ،حسن افغان ،سمیع خان بڑیچ،وارث محمود اچکزئی،ملک عیسیٰ ملازئی ،میر عظیم ساتکزئی اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ملک گیر عوامی جمہوری اورمنظم سیاسی جماعت ہے پارٹی نے جمہور کی بالادستی ، پارلیمان کی مضبوطی ملک میں جمہوری استحکام اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے پارلیمنٹ کے اندراور باہر عوام کے جمہوری سیاسی اور بنیادی حقوق کیلئے ایک تاریخی سیاسی کردارادا کیا ہے اور پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر کبھی بھی سودے بازی نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45کے 15پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والے انتخابات میں عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک کو دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جو حق اورسچ کی فتح ہے جو قوم اور مذہب پرست سیاسی جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 15پولنگ اسٹیشوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو جمعیت علماء اسلام نظریاتی ، مظلوم اولسی تحریک،مسلم لیگ(ن)،بلوچستان عوامی پارٹی ،آزاد امیدوار سردار شہباز خان خلجی کی مکمل حمایت حاصل تھی جس پر ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوارحاجی علی مد د جتک کی کامیابی کے بعد عوام کی طرف سے مسترد شدہ کچھ سیاسی جماعتیں دھاندلی کا رونا پیٹ رہی ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن انہیں بتانا چاہتی ہے کہ عوام پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دیتی ہے تو انکی نظر میں حرام ،دھاندلی اور اگر ژوب کی قومی اسمبلی کی سیٹ ،پشین سے دو صوبائی اورقومی اسمبلی پر انکی جیت ہوتی ہے تو وہ حلال ہے اب عوام انکی اصلیت پہنچان چکے ہیں اورانکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت کی طرف سے ری پولنگ کے بعد 8جنوری کی شٹرڈاؤن ہڑتال دراصل اپنی ناکامی کو چھپانے اور عوام کو اذیت دینے کے سوا کچھ نہیں ہے انتخابات سے قبل ہی پیپلزپارٹی کو عوامی حمایت کے بعد جمعیت علماء اسلام کو پتہ چل گیا تھا کہ وہ ری پولنگ میں کامیاب نہیں ہوسکتے اس لئے اب وہ دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔انہوں نے حلقہ پی بی 45پر کامیابی پر حاجی علی مدد جتک ،صدر مملکت آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو مبارکبادپیش کی۔