والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے رٹیجن روڈ لاہور پر واقع بریڈلا ء ہال کے تحفظ کے منصوبے پر کام جاری

پیر 6 جنوری 2025 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2025ء)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے رٹیجن روڈ لاہور پر واقع بریڈلا ء ہال کے تحفظ کے منصوبے پر کام جاری ہے ۔19ویں صدی میں قائم کیا گیا بریڈلا ء ہال ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے ،یہ عمارت عوامی فورم کے طور پر استعمال کیا جاتی تھی ۔ علامہ اقبال، مولانا ظفر علی خان، ڈاکٹر محمد اشرف، میاں افتخار الدین اور ملک برکت علی آزادی کی تحریک کے وقت یہاں آتے تھے اور سیاسی خیالات کا اظہار کرتے تھے۔

یہ ہال مسٹر چارلس بریڈلا ء کے نام سے منسوب ہے جو برطانوی پارلیمنٹ کے رکن تھے اور ہندوستان کی آزادی کے خواہاں تھے۔اس منصوبے میں دستاویز ی کام اور بنیادی ڈ ھانچہ کی مضبوطی اور عمارت کی بیرونی فرنٹ کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ہال کے قریب غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے، چھت کے کام میں سینڈوچ پینلز کی تنصیب اور گرڈرز کی تبدیلی بھی مکمل ہو چکی ہے تاہم عمارت کی تزئین و آرائش کے کاموں میں لکڑی کے کام، بیت الخلا کی تنصیب، سائن بورڈز، پارکنگ اور نکاسی آب پر کام جاری ہے۔

منصوبے کے دائرہ کار میں بریڈلا ء ہا ل میں بجلی کے کام اور روشنی کی فراہمی بھی شامل ہے تاکہ اس کی ظاہری شکل کو بہتر بنایا جا سکے۔ مزید یہ کہ ہال کو عوام کے لیے کھلا اور قابل رسائی رکھا جائے گا تاکہ وہ برطانوی دور کے اس معماری شاہکار کو دیکھ سکیں۔ منصوبے کی تکمیل کی متوقع تاریخ جون 2025 ہے۔