والڈ سٹی کی جانب سے بریڈلا ہال کے تحفظ کے منصوبے پر کام کیا جا ری ہے، ترجمان

پیر 6 جنوری 2025 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے رٹیجن روڈ لاہور پر واقع بریڈلا ہال کے تحفظ کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ انیسویں صدی میں قائم کیا گیا بریڈلا ہال ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے کیونکہ یہ عمارت عوامی فورم کے طور پر استعمال کی جاتی تھی، کئی سیاسی رہنما علامہ اقبال، مولانا ظفر علی خان، ڈاکٹر محمد اشرف، میاں افتخار الدین اور ملک برکت علی آزادی کی تحریک کے وقت یہاں آتے تھے اور سیاسی خیالات کا اظہار کرتے تھے۔

ترجمان والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے مطابق یہ ہال مسٹر چارلس بریڈلا کے نام سے منسوب ہے، جو برطانوی پارلیمنٹ کے رکن تھے اور ہندوستان کی آزادی کے خواہاں تھے۔اس منصوبے میں دستاویز ی کام، بنیادی ڈ ھانچہ کی مضبوطی اور عمارت کی بیرونی فرنٹ کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ہال کے قریب غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے،چھت کے کام میں سینڈوچ پینلز کی تنصیب اور گرڈرز کی تبدیلی بھی مکمل ہو چکی ہے تاہم عمارت کی تزئین و آرائش کے کاموں میں لکڑی کے کام، بیت الخلا کی تنصیب، سائن بورڈز، پارکنگ اور نکاسی آب پر کام جاری ہے،منصوبے کے دائرہ کار میں بریڈلاہا ل میں بجلی کے کام اور روشنی کی فراہمی بھی شامل ہے تاکہ اس کی ظاہری شکل کو بہتر بنایا جا سکے،مزید یہ کہ ہال کو عوام کے لیے کھلا اور قابل رسائی رکھا جائے گا تاکہ وہ برطانوی دور کے اس معماری شاہکار کو دیکھ سکیں،تحفظ کا یہ منصوبہ تقریباً 70فیصد مکمل ہو چکا ہے،یہ منصوبہ جون 2025 تک مکمل کر دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نجم الثاقب نے کہا کہ بریڈلا ہال جیسے تاریخی مقامات اس خطے کے ورثے کا ایک بہت اہم حصہ ہیں، بریڈلا ہال نے نوآبادیاتی دور میں سیاسی ملاقاتوں اور سفارتی وفود کے لیے ایک عوامی فورم کے طور پر کام کیا،اس لیے ہم اس جگہ کو اگلی نسل کے لیے بحال کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں تاکہ اس معماری شاہکار کے ذریعے لوگ اس دور کی سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کی تاریخ کو سمجھ سکیں۔