امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ، وزیراعظم شہباز شریف

حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہے، وزیر اعظم کی ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت زخمیوں کیلئے صحتیابی کی بھی دعا، صدر مملکت کی بھی کرم میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 4 جنوری 2025 15:25

امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ، وزیراعظم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 جنوری 2025)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں اور انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہے، وزیر اعظم کی ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت زخمیوں کیلئے صحتیابی کی بھی دعا ، اپنے ایک بیان میں وزیراعظم وزیراعظم نے لوئر کرم کے علاقے بگان میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔امن و امان میں خلل ڈالنے والوںکی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی کرم میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، صدر مملکت نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور امن دشمنوں کیخلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عوام شرپسند عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عوام کے دشمن شرپسند عناصر فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کرم میں بگن کے مقام پر سرکاری گاڑیوں پر ہونے والی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی ۔محسن نقوی نے فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی تھی ۔

ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناﺅنی حرکت کی۔انہوں نے کہا تھا کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژکرنے کی سازش ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں کرم کے علاقے لوئر کرم بگن کے مقام پر ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس سے ڈپٹی کمشنر زخمی ہوگئے تھے۔فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور گارڈ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیاتھا۔ فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔پولیس کے مطابق بگن میں فائرنگ سے 3 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔