ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کیلئے دائر متفرق درخواست سماعت کیلئے منظور

فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ، جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کردی

جمعہ 22 نومبر 2024 12:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کیلئے دائر متفرق درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ عدالت نے درخواست پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کردی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی ۔

جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا کہ درخواست میں اہم قانونی اور آئینی نقاط اٹھائے گئے ہیں ۔ متفرق درخواست میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار این اے 128 لاہور سے عون چوہدری کو شکست دے کر کامیاب ہوا ،بعد میں دھاندلی سے نتائج تبدیل کرتے ہوے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کر دیا گیا ،الیکشن ایکٹ 2017کے تحت ناکام امیدواروں کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے لے ہائیکورٹ کے جج بطور الیکشن ٹریبونل کام کررہے ہیں ،ان کی استحکام پاکستان کے ایم این اے عون چوہدری کے خلاف الیکشن پٹیشن زیر التوا ء ہے ،حکومت پاکستان نے انتخابی عذرداری پر من پسند فیصلے کرانے کے لیے ریٹائرڈ ججوں کو الیکشن ٹریبونلز لگا دیا ہے ،ایسا کیا جانا حکومت کی بدنیتی اور غیر قانونی فعل ہے ۔

(جاری ہے)

استدعا ہے عدالت ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کا حکم دے اورسابق ججوں کو الیکشن ٹریبونلز لگانے کا حکومتی اقدام معطل کیا جائے۔