لاہورہائیکورٹ، عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کی مہلت، سماعت ملتوی

جمعرات 2 مئی 2024 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی حلقہ این اے128 لاہور سے عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت7 مئی تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

جسٹس علی باقر نجفی نے سنی اتحاد کونسل کے رہنما اور این اے 128 لاہور سے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی،سلمان اکرم راجہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں عون چودھری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کی درخواست دائر کی، الیکشن کمیشن نے ہماری درخواست پر ٹربیونل سے رجوع کرنے کا فیصلہ دیا،قانون کے مطابق ہماری درخواست کا دائرہ اختیار ہائیکورٹ کا بنتا ہے،عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے،الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس کے حوالے سے ایک دوسرے وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں،لہذا کچھ وقت دیا جائے،عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت7 مئی تک ملتوی کر دی۔