لاہور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی عون چوہدری کی کامیابی کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا

جمعہ 5 اپریل 2024 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے ناکام امیدوار معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ کی عون چوہدری کی کامیابی کیخلاف درخواست پر فریقین سے دو مئی کو جواب طلب کر لیا، جسٹس علی باقر نجفی نے سلمان اکرم راجہ کی این اے 128 سے کامیاب امیدوار عون چوہدری کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی،وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری درخواست پر ٹربیونل سے رجوع کرنے کا فیصلہ دیا ، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ٹربیونل سے کیوں رجوع نہیں کیا،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ قانون کے مطابق ہماری درخواست کا دائرہ اختیار ہائیکورٹ کا بنتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے،عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب اور سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔