Live Updates

جماعت اسلامی بہاول پور کا قومی و صوبائی امیدواران اور اہداف کا اعلان

اپنے انتخابی سلوگن '' ہم بدلیں گے بہاول پور'' کو لیکر عوام میں جائیں،مشترکہ پریس کانفرنس

ہفتہ 11 مارچ 2023 22:30

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2023ء) جماعت اسلامی بہاول پور نے اپنے وژن بہاول پور کے تحت قومی و صوبائی امیدواران اور اہداف کا اعلان کر دیا ۔ نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب و امیدوار پی پی 254 سید ذیشان اختر نے امیدوار پی پی 253 نصراللہ ناصر اور امیدوار این اے 168 کامران ملک ،جے آئی کسان کے مرکزی چیئر مین جام حضور بخش لاڑ ،نائب صدر الخدمت فائونڈیشن چوہدری احسان اللہ ،نگران جنوبی پنجاب سیاسی ونگ (خواتین) ڈاکٹر ثمینہ روحی ،رکن مرکزی شوری سعدیہ ذیشان کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وژن بہاول پور کے تحت اپنے انتخابی سلوگن '' ہم بدلیں گے بہاول پور'' کو لیکر عوام میں جائیں گے کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ہمارا عوام سے وعدہ ہے کہ بہاول پور کی اسلامی ،فلاحی ،عوام دوست اور خوشحال ریاست کے سنہرے دور کو واپس لانے کے لیے بہاول پور صوبہ کی بحالی اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے بہاول پورمیں ٹیکس فری انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کو یقینی بنانا ،مختلف سکلز خاص کر آئی ٹی شعبہ میں ٹریننگ اور روزگار کی تلاش میں معاونت ،تعلیمی اداروں بالخصوص اسلامیہ یونیورسٹی کی ہوش ربا فیسوں میں کمی ،با صلاحیت طلبہ و طالبات کے لیے مفت یا کم از کم فیسوں کے ساتھ تعلیم کا حصول سمیت تمام تعلیمی اداروں میں بہاول پور کوٹہ کے زریعے قائد اعظم میڈیکل کالج ،اسلامیہ یونیورسٹی،چولستان ویٹرنری یونیورسٹی اور سر صادق خواتین یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں میں داخلوں کو یقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال اور اس سے ملحقہ تمام ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی سمیت ہسپتال کے بجٹ کی بحالی اور سٹاف میں اضافہ کرایا جائے گا اس کے علاوہ سرکلر روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دبائو اور روانی کے لیے فلاحی اوو، نیو رنگ روڈ کی جلد از جلدتکمیل اور خستہ حال سڑکوں کی تعمیر کے لیے بجٹ مختص کرایا جائے گا ،نیز سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے لیے واسا کے قیام ،50 سالہ ماسٹر پلان کی تیاری اور تکمیل ،کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے جدید ترین نظام ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے یونین کونسل کی سطح پر واٹر فلٹریشن کا نظام اور گھر گھر واٹر سپلائی لائنز کی فراہمی ،دریائے ستلج کے لیے پانی کا انتظام اور جھیل منصوبہ کی تکمیل کے لیے کوششیں کی جائے گی۔

انہوں نے مذید کہا کہ بے گھر افراد کے لیے آسان شرائط و اقساط پر ہائوسنگ سکیم،گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کا اہتمام سمیت کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دلائے جائے گے ۔کسان بھائیوں کے لیے سستی کھاد،بجلی ،ڈیزل اور نہری پانی کی فراہمی ،کسانوں کی محنت کا معاوضہ ان کے اخراجات کی مناسبت سے کرنے کے علاوہ ملازمین اور مزدوروں کی یومیہ اجرت \ تنخواہوں میں مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ،مزدوروں کے روزگار کا تحفظ،یونین سازی کا حق ،تالہ بندی اور چھانٹیوں سے نجات ،اولڈ ایج پینشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ،سوشل سیکورٹی کے دائرہ کار میں وسعت کے لیے کام کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابات میں کامیابی کے بعد خواتین کی جان ،مال و آبرواور حقوق کا مکمل تحفظ،خواتین کو قرآن و سنت پر مبنی حقوق دلانا اور انہیں معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنانا،خواتین کو گھریلو و آسان ہنراور آء ٹی کی تربیت دیکر باعزت روزگار کی فراہمی کے اقدامات کرئے گی ۔نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے شہرکے چاروں اطراف میں سپورٹس کمپلیکس اور گرائونڈز کی تعمیر ،بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے کرکٹ،فٹبال،ہاکی اور دیگر کھیلوں کا بہاول پور میں اہتمام کرایا جائے گا ۔

پاکستانی کمیونٹی (اقلیت) کے حقوق کا تحفظ ان کی جان ،مال ،عبادت گاہوں کی حفاظت ،شخصی معاملات میں ان کے مذہبی قوانی ،رسومات کو ترضیح اور تعلیم ،روزگار و دیگر شہری حقوق کی مسایانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا مذید خواجہ سراء کمیونٹی کو تمام شہریوں کے مساوی مواقع کی فراہمی مذہنی و جسمانی معذوری کے شکار افراد کی جامعی بحالی،صحت مند سرگرمیوں اور روزگار جیسے منصوبوں کا انتظام کیا جائے گا ،آئمہ و خطباء اور مدرسین کے لیے سرکاری وظائف کے لیے سرکاری وظائف،مساجد و مدارس کی رجسٹریشن کو آسان بنایا جائے گا ،آئمہ ،خطباء اور مدرسین کے لیے قرآن و حدیث کی ٹریننگ کا اہتمام جس کے ذریعے اندرون و بیرون ملک آن لائن ٹیچنگ کی سہولت ،بچوں اور عوام الناس کی تربیت کے لیے مسجد کو کمیونٹی سنٹرز بنایا جائے گا ۔

جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ صحافیوں کے جان ،مال و آبرو ،حقوق و مراعات کا مکمل تحفظ اور فریڈم آف انفارمیشن کی ضمانت ،صحافیوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے کے لیے مختلف ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد ،صحافی کالونی کے قیام کو یقینی بنانے سمیت گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائے گے ۔گھریلو خواتین کی آسانی کے لیے سوئی گیس کے اوقات کار اور پریشر میں اضافہ ،سستی بجلی کے لیے سولر پینلز کی بلاسود آسان اقساط پر فراہمی اور سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کے لیے کوششیں کی جائے گی ۔
مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات