Yaadain Safr E Hijaz Ki - Last Qist - Article No. 2387

Yaadain Safr E Hijaz Ki - Last Qist

یادیں سفر حجاز کی۔آخری قسط - تحریر نمبر 2387

جتنے دن مکہ معظمہ میں گزرے، کم و بیش روزانہ حطیم میں داخلے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اللہ کے فضل سے میں گھنٹوں اس مقام مقدس میں بیٹھی رہتی۔ تاریخ کی کتابوں میں درج ہے کہ حطیم بیت اللہ کا جزو ہے

Dr Lubna Zaheer ڈاکٹر لبنی ظہیر پیر 6 جولائی 2020

جتنے دن مکہ معظمہ میں گزرے، کم و بیش روزانہ حطیم میں داخلے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اللہ کے فضل سے میں گھنٹوں اس مقام مقدس میں بیٹھی رہتی۔ تاریخ کی کتابوں میں درج ہے کہ حطیم بیت اللہ کا جزو ہے۔ حضرت عائشہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ سے گزارش کی کہ میں بھی کعبہ میں داخل ہونا چاہتی ہوں۔ حضور اقدس نے فرمایا کہ حجر (حطیم ) میں داخل ہو جاو، یہ بیت اللہ ہی کا حصہ ہے۔
جو لوگ عمرہ یا حج کی سعادت حاصل کر چکے، وہ بخوبی آگاہ ہیں کہ حطیم میں داخلہ نہایت خوش بختی سے نصیب ہوتا ہے۔ داخلی دروازے پر زائرین کا ہجوم بے کراں جمع رہتا ہے۔حطیم میں داخل ہو بھی جائیں تو دو نفل پڑھنے کیلئے جگہ ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔ محاورتا نہیں ، واقعتا تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی۔ تین برس قبل میں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

'; document.getElementById("div-gpt-ad-outstream-wrap").innerHTML = '
'; document.getElementById("div-gpt-ad-1x1-wrap").innerHTML = '
'; googletag.cmd.push(function() { googletag.display("div-gpt-ad-outstream"); }); googletag.cmd.push(function() { googletag.display("div-gpt-ad-1x1"); });
'; googletag.cmd.push(function() { googletag.display('gpt-middle-banner'); }); }

انتہائی تگ و دو کے بعد دو رکعت نفل ادا کر سکی تھی۔

اس مرتبہ معاملہ مختلف تھا۔ ایک دن میں طواف کررہی تھی۔ دیکھا کہ حرم کعبہ کا ایک پاکستانی خادم ایک بزرگ خاتون کو حطیم میں داخل کرنے کیلئے کو شاں ہے۔ میں بھی اس کے پیچھے ہو لی۔وہ شخص ان خاتون کو حطیم کے ایک کونے میں لے آیا۔ یہ گوشہ نسبتا پر سکون تھا۔ معمو ل کی دھکم پیل سے مستثنی بھی ۔ میں نے وہاں تیس چالیس منٹ گزارے۔ خیال آیا کہ اپنی ماں کو بھی یہاں لے آوں۔
پھر سوچتی کہ ایک بار اس جگہ سے نکلی تو نجانے دوبارہ داخلہ ممکن ہو سکے یا نہیں۔ لیکن میرا دل اور ذہن اپنی ماں کی طرف اٹکا ہوا تھا۔ یکدم مجھے خیال آیا کہ میں تو دنیا کی سب سے مقدس زمین پر بیٹھی رہوں۔ انتہائی قریب سے بیت اللہ کو تکے جاوں۔کیسے ہو سکتا ہے کہ میری ماں اس سعادت سے محروم رہے۔ یہ سوچ کر اٹھی۔ اپنی ماں کو تلاش کیا۔ وہ مجھے سبز بتی کے عین نیچے بیٹھی مل گئیں۔
وہی سبز بتی جہاں سے طواف کا آغاز ہوتا ہے۔تھوڑی بہت دھکم پیل سے گزر کر میں ، باجی اور امی ا س گوشہ عافیت میں جا پہنچے۔ پھر ہر روز ہم وہاں وقت گزارا کرتے۔ میں نے کہا کہ یقین نہیں آتا کہ ہم اس قدر سہولت سے حطیم میں گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں۔ باجی کہنے لگیں کہ یہ اللہ کی قدرت ہے۔ محسو س ہوتا ہے جیسے اللہ پاک نے حطیم کو کشادگی عطا کر دی ہے۔ تاکہ اللہ کے بندے بڑی تعداد میں یہاں عبادت کر سکیں۔
باجی کی یہ بات میرے دل کو لگی۔ وگرنہ میں یہ سوچے جاتی تھی کہ مجھے ہی کوئی ترکیب (trick) معلوم ہو گئی ہے۔ جسے بروئے کار لاتے ہوئے ہم اس گوشہ رحمت میں لامحدود وقت گزارتے ہیں۔ کئی مرتبہ میں اکیلے یہاں چلی آتی۔ بیت اللہ کے انتہائی قریب بیٹھی رہتی۔ اس قدر قریب کہ سجدہ کرتے میرا سر بیت اللہ شریف کی دیوار کو چھونے لگتا۔ میزاب رحمت کے عین نیچے بیٹھ کر دعا کرتی۔
سر اٹھائے میزاب رحمت اور بیت اللہ کو تکے جاتی۔ مجھے بار بار اپنی خوش بختی کا خیال آتا۔ اللہ کا شکر ادا کرتی۔ جس نے مجھ سیاہ کار کو یہاں تک رسائی عطا کر رکھی ہے۔
ایک رات میں نے گھر والوں کو ہوٹل میں سوتے چھوڑا۔ چپکے سے کمرے سے نکل آئی۔ رات ساڑھے گیارہ بجے کا وقت تھا۔ہمارا ہوٹل حرم کے بالکل سامنے واقع تھا۔ ایک مختصر سڑک عبور کرتے ہی ہم مسجد حرام میں داخل ہو جاتے۔
حرم کی طرف جانے والی سڑک پر زائرین کی آمدورفت جاری تھی۔ رات کے اس پہر سڑک عبور کرتے ، مجھے خیال آیا کہ ناروے کے شہر اوسلو (Oslo)کو دنیا کامحفوظ ترین شہر قرار دیا جاتا ہے۔ چند ماہ قبل میں اوسلو گئی تھی۔ خواہش کے باوجود رات کے وقت اس شہر میں گھوم پھر نہیں سکی تھی۔شام ڈھلتے ہی ہوٹل کا کمرہ بند کیے پڑی رہتی۔ ذیا دہ سے ذیادہ کمرے کیساتھ ملحق بالکونی میں کھڑے ہو کر شہر کا نظارہ کر لیتی۔
اس شہر محفوظ (مکہ معظمہ) میں لیکن میں کسی ڈر خوف کے بغیر رات کے اس پہر تن تنہا گھوم رہی ہوں۔ دنیا نے ناپ تول کے اپنے پیمانے وضع کر رکھے ہیں۔ کوئی مجھ سے پوچھے تو میرے لئے مکہ معظمہ دنیا کا محفوظ ترین شہر ہے۔
سفر حجاز کا ایک قصہ جو میں کبھی نہیں بھول سکتی۔ ایک دن ارادہ کیا کہ ایک دو نفلی روزے رکھ لئے جائیں۔ ہوٹل میں ناشتے کیلئے بوفے کا انتظام تھا۔
مجھے گمان ہوا کہ سحری کا انتظام بھی ضرور ہو گا۔ ریسپشن پر کال کی۔ ہدایت ملی کہ سحری کے وقت ریستوران میں چلی جائیں۔ اگلی صبح میں نے باجی کو کیساتھ لیا اور مطلوبہ فلورپر چلی آئی۔ ریستوران کا دروازہ کھلا تھا۔ مگر بتیاں گل تھیں۔ واپس پلٹنے لگی تھی کہ ایک ویٹر نمودار ہوا۔ پوچھنے لگا کہ آپ سحری کیلئے آئی ہیں؟ اثبات میں سر ہلایا تو اس نے آگے بڑھ کر بتیاں جلا دیں۔
سجا سجایا بوفے سامنے تھا۔ میرے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ ریستوران ناشتے کے لئے وقت مقررہ پر کھلتا ہے۔ آپ کی سحری کے لئے خصوصی طور پر چند گھنٹے پہلے کھول دیا ہے۔ مجھے سخت حیرت ہوئی۔ پلیٹ میں کھانے کی اشیاء ڈال کر میز پر آن بیٹھی۔ اتنے میں ویٹر چائے کی بڑی سی ٹرالی گھسیٹ کر میز کے قریب لے آیا۔ اسکے بعد جوسز کی ٹرالی رکھ کر چلا گیا۔ اللہ جانتا ہے مجھے سخت شرمندگی محسوس ہوئی۔
باجی سے میں نے کہا کہ بلا وجہ ایک سحری کے لئے سارا ریسٹورنٹ کھلوا دیا۔ اس ندامت کے زیر اثر اگلے دن میں سحری کیلئے ریستوران نہیں گئی۔
آخر کار وہ دن آن پہنچا جب ہمیں سرزمین حجاز کو الوداع کہنا تھا۔آخری لمحات میں ، میں نے صحن کعبہ میں کھڑے ہو کر پاکستان کے لئے دعا کی۔ کچھ عرصہ سے اپنے ملک کے متعلق میں انتہائی فکر مند رہتی ہوں۔ بیت اللہ کے قریب کھڑے ہو کر میں نے اللہ کے حضور عرض کیا ۔
یا اللہ میں اپنی انتہائی محدود عقل سمجھ اورتحقیق کے مطابق کچھ سیاسی نظریات اور شخصیات کو ملک کے لئے بہتر اور مفید خیال کرتی ہوں۔ نہایت ایمانداری سے ان کی حمایت کرتی ہوں۔ اس ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو نا پسند کرتی ہوں۔ لیکن میری پسند ناپسند کی اہمیت نہیں۔ تو بہتر جاننے والا ہے۔اس وقت میرا ملک تیزی سے زوال پذیر ہے۔ اس پر رحم فرما۔
جو لوگ اس کی بربادی کے ذمہ دار ہیں، ان کی کڑی گرفت فرما۔ اسکے دشمنوں کو نیست و نابود کر دے۔ جو اس ملک کے خیر خواہ ہیں، ان کی حفاظت اور مدد فرما۔ آمین یا رب العالمین۔
بیت اللہ کو تکتے ہوئے ایک آخری دعا میں نے اپنے لئے بھی کی۔ میرے رب نے مجھے دنیا جہاں کے بیشتر معاملات سے بے نیاز کر رکھا ہے۔ میرے ارد گرد کیا ہو رہا ہے، اس کی مجھے کچھ خاص فکر نہیں رہتی۔
ایک خودکار عمل کے تحت میرا رب ہمیشہ مجھے شریر لوگوں اور منہ زورگروہوں کے مقابل عافیت عطا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں مجھے کسی رقابت (competition) اور گروہ بندی (grouping) کا جھنجٹ پالنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ کچھ عرصے سے مگر چند لوگوں کے جھوٹ،غیبت اور الزام تراشی کی عادت میرے لئے ذہنی کوفت کا باعث ہے۔ دعا میں نے یہ کی کہ یا اللہ مجھے اپنی مخلوق کے شر سے محفوظ رکھ۔
حاسدین اور منافقین سے بچا۔ صحن کعبہ سے رخصت ہونے سے قبل جو آخری جملے میں نے ادا کئے وہ یہ تھے کہ یا اللہ ! بہت سے اچھے لوگ میری زندگی میں شامل ہیں۔ میرے ان خیر خواہوں کو اجر عظیم عطا فرما۔ یا اللہ! میرے بد خواہ آج سے تیرے حوالے ہیں۔ ان سے خود نمٹ ۔ آمین یا رب العالمین۔
سفر حجاز کے کالموں کا یہ سلسلہ یہاں ختم ہوتا ہے۔ ایک معاملے کا ذکرضروری ہے۔
اکثر و بیشتر شکایات سننے میں آتی ہیں کہ حج و عمرہ کمپنیاں حجاج اور زائرین کرام سے کئے گئے معاہدے پر پوری طرح عمل درآمدنہیں کرتیں۔یعنی جن سہولیات کا وعدہ کیا جاتا ہے، وہ مہیا نہیں کی جاتیں۔ اللہ کا شکر ہمیں کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہیں ہوا۔اسکا کریڈٹ یقینا خدام الحرمین انٹر نیشنل ، فیصل آباد کے روح رواں شفیق کاشف صاحب کو جاتا ہے۔
کاشف صاحب نے وہ سہولیات بھی مہیا کیں جو معاہدے کا حصہ نہیں تھیں۔ مکہ اورمدینہ میں د ونوں ہوٹل حرم کے انتہائی قریب تھے۔ مدینہ میں حافظ قاسم صاحب اور مکہ میں جبار صاحب خبر گیری کرتے رہے۔ مکہ میں پہلے دن جبار صاحب نے ہمیں ہوٹل پہنچایا۔ کچھ دیر بعد اپنے گھر سے پلاو، سبزی گوشت اور گڑ والے چاول بنوا کر لے آئے۔ یہ سب یقینا شفق کاشف صاحب کی ہدایات کی وجہ سے تھا۔
شفیق کاشف صاحب خود بھی مسلسل فون پر رابطے میں رہے۔ اللہ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
فیڈ بیک کا تذکرہ بھی لازم ہے۔سفر حجاز کے کالموں سے متعلق قارئین کرام کے بھرپور فیڈ بیک کا بہت شکریہ۔ نا صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک پڑھنے والوں نے بھی ان تحریروں کو سراہا۔ یہ یقینا اس موضوع کا فیضان اور برکت ہے جو اللہ پاک نے اس سلسلے کو پذیرائی بخشی۔
خصوصی طور پر ڈاکٹر ضیا الرحمن اعظمی صاحب کے قبول اسلام اور ان سے ملاقات کے احوال پر مبنی کالموں کا فیڈ بیک مثالی تھا۔مجھے اطلاع ملی کہ سعودی عرب میں بھی اعظمی صاحب سے متعلق کالم کثرت سے زیر گردش رہا۔ بہت سی معتبر شخصیات نے بھی سفر حجاز کے کالموں پر میری حوصلہ افزائی کی۔ چند شخصیات کا ذکر نا گزیرہے۔معروف کالم نگار عرفان صدیقی صاحب کی طرف سے ہر کالم کے بعد شاباشی کا پیغام موصول ہوتا رہا۔
مجھ طالب علم کی اصلاح کے لئے وہ زبان و بیان کی کچھ اغلاط کی نشاندہی بھی فرماتے رہے ۔" مکہ مدینہ " کے سفر پر نہایت عمدہ کالموں کے لکھاری ، ایک صاحب اسلوب کالم نگار اور اردو کے استاد کی طرف سے ان تعریفی پیغامات نے واقعتا میرا حوصلہ بڑھایا۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ صاحب دانشور شخصیت ہیں۔ کئی عمدہ کتابوں کے مصنف ہیں ۔
میرے ان کالموں کے متعلق جو عمدہ کلمات انہوں نے کہے وہ مجھ ادنیٰ لکھاری کے لئے نہایت اعزاز کی بات ہے۔ مزید نوازش انہوں نے یہ کی کہ سید مودودی کی کتابوں کیساتھ ساتھ اپنا سفر نامہ حج " سفر شوق" مجھے بھجوایا ۔ زندگی رہی تو اسے پڑھ کر ضرور تبصرہ لکھوں گی۔ ممتاز کالم نگار جناب روف طاہر صاحب ، انگریزی کے معتبر صحافی سرمد بشیر صاحب کی مہربانی جو ہر قسط کے بعد حوصلہ افزائی فرماتے رہے۔ نئی بات کے سینئر صحافی محترم زاہد رفیق صاحب کی حوصلہ افزائی کا بھی شکریہ۔ اللہ پاک ہم سب کو بار بار سفر حجاز نصیب فرمائے اور اپنے احکامات پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
Facebook Twitter Reddit Pinterest Whatsapp

Browse More Urdu Literature Articles

جب مسجد نبوی کے مینار نظر آئے

Jab Masjid E Nabvi Ke Minar Nazar Aaye

وہ جو طُور ہے بہت دور ہے

Wo Ju Tor Hai Buhat Dour Hai

سفرِ کعبہ

Safr E Kabba

لاہور سے نتھیا گلی

Lahore Se NathiyaGali

کراچی سے کھٹمنڈو : دو دن کا ہوائی سفر

Karachi Se Khatmandu - 2 Din Ka Hawai Safar

قلعہ سِنگھنی، گوجر خان

Qilla Singhni - Gujjar Khan

یادیں سفر حجاز کی۔آخری قسط

Yaadain Safr E Hijaz Ki - Last Qist

کراچی کا سفر - پانچویں قسط

Karachi Ka Safar - 5th Episode

یادیں سفر حجاز کی۔ قسط نمبر 7

Yaadain Safr E Hijaz Ki - Qist 7

یادیں سفر حجاز کی۔قسط 6

Yaadain Safr E Hijaz Ki - Qist 6

سفر حجاز: ایک ہندو جو مدینہ یونیورسٹی اور مسجد نبوی کا معلم بن گیا۔(قسط نمبر 4 )

Safar E Hijaz - Qist 4

کُسک فورٹ، چکوال

Kusak Fort Chakwal