وفاقی سیکرٹری تجارت نے تین روزہ ویکس نیٹ نمائش کاافتتاح کر دیا

نمائش کا مقصد پاکستان میں خواتین تاجروں کی صلاحیتوں کواجاگر کرنا ہے‘جواد پال خواجہ

جمعہ 10 جنوری 2025 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2025ء)وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال خواجہ نے تین روزہ ویکس نیٹ نمائش 2025کا ایکسپو سنٹر میں افتتاح کر دیا۔ اس موقع پرافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تجارت نے کہا کہ ویکس نیٹ نمائش کا مقصد پاکستان میں خواتین تاجروں کے ہنر اور صلاحیتوں کواجاگر کرنا اورانہیں معیشت کے دھارے میں شامل کرکے تجارت کو فروغ دینا ہے،پاکستان کی ہنرمند خواتین تاجروں کے ہنر اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ویکس نیٹ نمائش میں خواتین تاجروں کی مختلف تنظیموں اور اداروں کے علاوہ خواتین کے کئی برانڈز بھی حصہ لے رہے ہیں، نمائش میں 200سے زائد خواتین تاجر اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں جس میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، جوتوں، جیولری، دستکاری، ہربل اسکن کئیر اور گھریلو استعمال کی اشیا کے علاوہ ای کامرس، فرنیچراور خشک میوہ جات ایکسپورٹ کرنے والے کاروبار بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جواد پال خواجہ نے ویکس نیٹ نمائش کی اہمیت کے بارے میں کہا کہ یہ کاروبار کرنے والی خواتین کے لیے اپنے کام کو قومی سطح پر پیش کرنے کا ایک منفرد موقع ہے،تین دن تک جاری رہنے والی ویکس نیٹ نمائش میں شہریوں کو فیملیز کے ہمراہ بھرپور تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے فوڈ کورٹ ، ثقافتی شوز، اور دیگر سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے میں ٹی ڈی اے پی ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اورگزشتہ برسوں میں ہونے والی ویکس نیٹ نمائشوں میں پاکستانی کاروباری خواتین کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی اور انہیں مرکزی معیشت کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے اس ایونٹ کی میزبانی کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12ویں ویکس نیٹ نمائش بھی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے خواتین کے ہنر کو اجاگرکرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔تقریب سے ڈائریکٹر جنرل ویمن انٹرپرینیورشپ فوزیہ پروین، نائب صدر ایف پی پی آئی سی قرالعین اور معروف فیشن ڈیزائنر نیلوفر شاہد نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور، ملتان، راولپنڈی کراچی، اور ایف پی سی سی آئی کی ممبران اور اپنے شعبے میں ہنر اور مہارت رکھنے والی دیگرخواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب کے آخر میں فنکاروں نے چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت پر مبنی گیتوں پر ڈانس پیش کیا ۔ بعدازاں سیکرٹری تجارت نے ہال میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں نمائش کے لئے رکھی گئی اشیا کے معیار کی تعریف کی۔