موٹرویز پر نگرانی کیلئے بائیک سروس پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 9 جنوری 2025 23:01

موٹرویز پر نگرانی کیلئے بائیک سروس پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2025ء)وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر موٹرویز پر سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موٹر بائیک سروس پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پر بیک وقت 30سی35موٹر بائیکس کو مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرتے رہنا چاہیے، پہلے مرحلے میں موٹروے پولیس اپنے وسائل سے بائیک سروس شروع کرے،مزید اضافہ کریں گے، این ایچ اے، موٹروے پولیس، ایف ڈبلیو او اور ضلعی پولیس مشترکہ اقدامات یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کے گرد حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کے اختیارات کے لئے قانون سازی میں ترمیم کی تجویز پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے موٹروے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی، ایسا میکنزم اختیار کریں کہ موٹروے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے، موٹروے پر جہاں جرائم اور باڑ چوری کے واقعات زیادہ ہیں اُن کی نشاندہی کریں، جس علاقے میں باڑ چوری ہوگی وہاں کا این ایچ اے آفیسر اور موٹروے پولیس ذمہ دار ہوگی۔

عبدالعلیم خان جن ایریاز میں حفاظتی باڑ ٹوٹ یا چوری ہو گئی ہے وہاں نئی کا بندوبست کیا جائے، آئی جی موٹروے مقامی پولیس کے ہمراہ باڑ چوری کے کیسوں کی مکمل پیروی یقینی بنائیں۔ وفاقی وزیر نے سیکریٹری مواصلات کو ایک ہفتے میں مربوط اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔