پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن رواں سال بھی جاری

رواں سال میں اب تک بجلی چوری میں ملوث 345 افراد گرفتار، 2500 مقدمات درج

جمعرات 9 جنوری 2025 17:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء)پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن رواں سال بھی جاری ہے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال میں اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 345 افراد گرفتار اور 2500 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 14 سو سے زائد بجلی چوروں کو جرمانے اور سزائیں دلوائی گئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 235 بجلی چور گرفتاراور 667 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی طرح سال 2024ء میں 76 ہزار سے زائد بجلی چور گرفتار اور 01 لاکھ 19 ہزار مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوری مقدمات میں بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف بلا تعطل کاروائیاں جاری رکھی جائیں جبکہ پولیس ٹیمیں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں الیکٹرسٹی کمپنیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کریں۔