Live Updates

چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ نہیں دکھانا چاہیئے، شیرافضل مروت کا حکومت و پی ٹی آئی کو مشورہ

مذاکرات کی تیسری بیٹھک تک فریقین کو تحمل سے کام لینا چاہیئے، حکومت اور پی ٹی آئی رہنماء ایک دوسرے خلاف بیانات سے گریز کریں؛ پی ٹی آئی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جنوری 2025 15:50

چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ نہیں دکھانا چاہیئے، شیرافضل مروت کا حکومت ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت کا کہنا ہے کہ بیانات سے مذاکرات کا ماحول خراب ہوگا، مذاکرات کی تیسری بیٹھک تک فریقین کو تحمل سے کام لینا چاہیئے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ نہیں دکھانا چاہیئے، حکومت اور پی ٹی آئی رہنماء ایک دوسرے خلاف بیانات سے گریز کریں۔ پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریری مطالبات کو انا کا مسلہ بنایا گیا تھا لیکن عمران خان نے بہت لچک دکھائی ہے، سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر مذاکرات ٹیم کو ملنے نہیں بھی دیا جارہا تو تیسرے، چوتھے سیشن کے لیے مذاکراتی ٹیم کو بیٹھنا چاہیئے، عمران خان نے کہا پوری قوم کو پتا ہے ہم مذاکرات کررہے ہیں، پارٹی کے بانی چیئرمین نے کہا یہ ہمارے مطالبات ہیں تو تحریری طور پر دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کہتے ہیں کہ ٹرائل کورٹ سے سزاؤں کے ہم عادی ہوگئے ہیں، احتساب عدالت کا جو بھی فیصلہ آتا ہے اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، حیران کن بات یہ ہے کہ میڈیا کو ایک دن پہلے پتا چلتا ہے کہ کل فیصلے کی تاریخ کو ملتوی کیا جائے گا، کس نے میڈیا کے ساتھ یہ بات شیئر کی اور پھر عین وہی ہوا، ایسے کیسز کے انجام کے حوالے سے سب جانتے ہیں۔

علاوہ ازیں شیر افضل مروت نے مخصوص یو ٹیوبرز پر برہمی کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ چند ملک دشمن عناصر حیدر مہدی اور عادل راجہ جیسے لوگ پی ٹی آئی کی تصویر کے پیچھے چھپ کر پاکستان کے خلاف، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف، عسکری افسران کے خلاف کیمپین کر رہے ہیں اور ان کے ان ہی اقدامات کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف و ہمیں بدنامی اور تکلیف ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو میں نے یہ بھی بتانا تھا کہ پی ٹی آئی علی الاعلان ان ملک دشمن عناصر سے خود کو الگ کرے کیوں کہ ہمارے بہت سے نوجوان ان کی وجہ سے گمراہ ہوجاتے ہیں، اس کے علاوہ ان کے گماشتے 25 سے 30 ہزار ڈالر ماہانہ یہی جھوٹ بول کر کماتے ہیں، عمران خان کو میں نے بتانا تھا کہ انہوں نے آدھے میڈیا کو ہمارا مخالف کیا ہوا ہے کیوں کہ یہ لوگ میڈیا کے لوگوں کو گالیاں دیتے ہیں، ان لوگوں نے مجھ سمیت پوری تحریک انصاف کی قیادت کو غدار قرار دیا ہوا ہے اور خود باہر بیٹھ کر گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات