موٹرویز پر سکیورٹی کیلئے بائیک سروس کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

وزیرمواصلات نے انتظامیہ کو موٹرویز پر پٹرولنگ بڑھانے اور سکیورٹی و سرویلنس سخت کرنے کا ٹاسک دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جنوری 2025 14:18

موٹرویز پر سکیورٹی کیلئے بائیک سروس کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری 2025ء ) حکومت نے موٹرویز پر سکیورٹی و سرویلنس کے لیے موٹر بائیک سروس کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی جانب سے انتظامیہ کو موٹرویز پر پٹرولنگ بڑھانے اور سکیورٹی و سکیورٹی سخت کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، وزیر مواصلات نے موٹر وے پولیس کے اختیارات کے لیے قانون سازی میں ترمیم کی تجویز بھی دی۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا موٹر وے پر بیک وقت 30 سے 35 موٹربائیکس کو مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرنی چاہیئے، پہلے مرحلے میں موٹر وے پولیس اپنے وسائل سے بائیک سروس شروع کرے اور بعد میں اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا، شہریوں کی حفاظت کے لیے موٹر وے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی، اس مقصد کے لیے کوئی ایسا میکنزم اختیار کریں کہ موٹر وے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے، اس کے علاوہ موٹر وے پر حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے جہاں باڑ چوری ہوگی وہاں کا این ایچ اے افسر اور موٹر وے پولیس ذمہ دار ہوگی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کئی سال سے زیر التوا کراچی سے سکھر موٹروے رواں سال 2025ء میں تعمیر کے آغاز کا فیصلہ کر لیا ہے، کراچی سے سکھر تک موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، کراچی سکھر موٹروے پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر شروع کیا جا سکتا ہے، سندھ حکومت کو بھی اس موٹروے کی تعمیر میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔

وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ اس موٹروے کا آغاز کراچی پورٹ سے ہوگا اور اس کو سکھر موٹروے سے منسلک کر دیا جائے گا، اسی طرح کراچی سے سکھر موٹروے کی تعمیر کے بعد ملک میں نارتھ و ساؤتھ موٹروے کا نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا، کراچی سکھر موٹروے پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر شروع کیا جا سکتا ہے، البتہ اگر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میسر نہ ہوئی تو حکومت خود اس موٹروے کا خرچہ اٹھائے گی، یہ موٹروے ملکی ترقی بالخصوص تجارتی مال کے نقل و حمل میں سنگ میل ثابت ہوگی۔