شہریوں کوبنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے، کمشنرمردان

جمعرات 9 جنوری 2025 16:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2025ء) کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانا، بے ہنگم ٹریفک اور تجاوزات کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں ضلعی سطح پرسرکاری محکموں کے افسران کے ساتھ تعارفی اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر فیاض محمد، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ خان وزیر، سیکرٹری ٹو کمشنر سارا تواب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت ضلعی پروفائل کے حوالے سے کمشنر مردان ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، سرکاری محاصل کی وصولی، شہر اور مختلف تحصیلوں میں انتظامی افسران کی کارکردگی، سکولوں اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور میگا پراجیکٹس بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے ضلعی افسران کو اپنے متعلقہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے عوام اور تمام سٹیک ہولڈرز کو آگہی دینے کے لیے ایک مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سوئی گیس اور بجلی سے متعلق عوامی مسائل کے حوالے سے الگ سے اجلاس بلانے کی ہدایت کی تاکہ اس سلسلے میں حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔