مریم کی دستک ایپ کے ذریعے سرکاری خدمات کے حصول میں غیرمعمولی اضافہ

بدھ 8 جنوری 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) ارفع کریم ٹاور میں چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ مریم کی دستک ایپ سے سروسز کے حصول کیلئے موصول ہونیوالی 74 ہزار سے زائد آن لائن درخواستوں میں سے 28 ہزار پایہ تکمیل کو پہنچ چکی ہیں جبکہ 25 ہزار درخواستیں چند دنوں میں نمٹا دی جائیں گی۔

سروسز مہیا کرنے کیلئے اب تک 87 ہزار سے زائد نوجوان بطور دستک نمائندہ رجسٹر ہو چکے ہیں۔ چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈکا کہنا تھا کہ دستک ایپ میں نئی سیلف سروس آپشن بھی شامل کر دی گئی ہے۔سیلف سروس آپشن کے ذریعے شہری مطلوبہ سروس حاصل کرنے کیلئے براہ راست متعلقہ محکمے میں جا کر بھی درخواست جمع کروا سکتے ہیں یا دستک نمائندے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل یوسف نے کہا کہ بطور دستک نمائندہ رجسٹر ہونے سے نوجوانوں کو اضافی آمدنی کمانے کا موقع مل رہا ہے۔دستک منصوبہ کے تحت عوام کو 70 سے زائد خدمات پنجاب بھر کے 40 اضلاع میں کامیابی کے ساتھ مہیا کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل برتھ سرٹیفکیٹایف آئی آر کاپی سمیت دیگر خدمات کے حصول کیلئے اب شہریوں کو سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ۔شہری موبائل فون سے دستک ایپ یا ہیلپ لائن 1202پر کال کر کے بھی سروس حاصل کر سکتے ہیں۔