پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے مابین بزنس کانفرنس کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا،چوہدری شافع حسین

بدھ 8 جنوری 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) رواں سال ماہ جولائی میں کینیڈا بیسڈ کمپنی ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے زیر اہتمام کینیڈا میں بزنس کانفرنس منعقد ہوگی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے مابین بزنس کانفرنس کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے سربراہ رانا ایم تنویر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

معاہدے پر دستخطوں کی تقریب پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔معاہدے کی رو سے دوطرفہ تجارت اور معاشی ترقی کے مواقع کے فروغ کا فریم ورک طے کیا جائے گا۔پنجاب اور کینیڈا کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔دو طرفہ معاشی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ریسورسز کا باہمی تبادلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔

تجارتی وفود کے باہمی تبادلے ہوں گے اور کینیڈین پولیس کلب رواں ماہ پنجاب کا دورہ کرے گا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔کینیڈا کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے۔پنجاب سے بزنس کمیونٹی کا وفد کینیڈا میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ کینیڈا کو ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی برآمد بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔عوام کی سطح کے رابطے بڑھنے سے تجارتی تعاون کو فروغ ملے گا۔