ٍقلات، ضمنی انتخابات پی بی 45 پر دھاندلی کیخلاف جے یو آئی کا قلات میں پہیہ جام ہڑتال

بدھ 8 جنوری 2025 21:15

oقلات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2025ء) ضمنی انتخابات پی بی 45 پر جمعیت کے امیدوار حاجی محمد عثمان پرکانی کی جیت کو ہار میں تبدیل کرنے کے خلاف جمعیت علما اسلام پاکستان کے صوبائی کال پر صوبہ بھر کی طرح قلات میں بھی پہیہ جام ہڑتال کی گئی، پیہہ جام ہڑتال سے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو مڈوے کے مقام پر بند کرکے ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بلاک کرکے دھرنا دیا گیا ہڑتال کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ہزاروں مسافر شدید سردی میں پھنس کر رہ گئے قلات میں جے یو آئی کے صوبائی امیر آغا فضل الرحمان شاہ و حافظ محمد قاسم لہڑی کی قیادت میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کی گئی اس موقع پر جمعیت علما اسلام قلات کے سینئر رہنما حافظ محمد قاسم لہڑی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں حلقہ پی بی 45 میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی 8 فروری اور اس الیکشن میں کوئی فرق نہیں اگر سلیکشن ہی کرنا ہے تو الیکشن کو ڈھونگ رچا کر عوام کو اتنی تکلیف دینے کی کیا ضرورت، میر عثمان پرکانی کو زبردستی ہرانے پر حلقہ کے عوام سمیت پورے بلوچستان میں ایک مایوسی پھیل گئی ہے اب عوام اس سسٹم سے بیزار ہونے لگے ہیں حکمرانوں کو چاہیئے کے ہوش کے ناخن لیں اپنی نا انصافیوں ہر نظر دوڑائیں اگر ایسے ہی رات کے اندھیرے میں عوام مخالف فیصلہ کئے گئے تو اس کے بہت بھیانک انجام ہوں گے اور بلوچستان کے عوام مزید بدامنی اور بے روزگاری کے شکار ہوں گے ان کا مزید کہنا تھا میں تمام مسافر حضرات سے اس تکلیف کے معذرت کرتا ہوں اور الیکشن کمیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ میر عثمان پرکانی کے کامیابی کے نوٹیفکیشن کو جلد شائع کرکے عوام کو مزید تکلیف سے بچائیں شام کے وقت ہڑتال ختم کرکے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔