بانی سے ملاقات نہ میرا مینڈیٹ اور نہ ہی ذمے داری ہے، ایاز صادق

میرے دروازے سب کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، کبھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا، سب ریکارڈ پر ہے، سپیکر قومی اسمبلی

بدھ 8 جنوری 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانا نہ تو میرا مینڈیٹ ہے اور نہ ہی میری ذمے داری ہے۔اپنے بیان میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے الزامات اور مذاکرات سے متعلق ان کے کردار پر سوالات اٹھانے پر سردار ایاز صادق نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر میرے کردار ادا نہ کرنے پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے، واضح کردیتا ہوں کہ میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بانی سے ملاقات کروانا نہ میرا مینڈیٹ ہے نہ ہی ذمہ داری ہے، ایسے بیانات دینا کہ اسپیکر آفس سے رابطے پر مثبت جواب نہیں آیا افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میرے دروازے سب کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، کبھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا، سب ریکارڈ پر ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ تنقید کرنے والے چاہتے ہیں مذاکراتی عمل سے نکل جاوں تو تجویز پر غور کیلئے تیار ہوں، پارلیمنٹ کی بالا دستی، جمہوری روایات کی پاسداری کرتے سہولت کاری کی پوری کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ میرا بیرون ملک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں میٹنگ کا انتظام نہیں کرسکتا، جب حکومت اور اپوزیشن کہے گی تو فوری میٹنگ کا اہتمام کردوں گا۔