میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے، بانی سے ملاقات کروانا میرا مینڈیٹ ہے اور نہ ذمہ داری ، تنقید کرنے والے اگر چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جائوں تو اس تجویز پر غور کے لیے تیار ہوں ،سپیکر قومی اسمبلی

بدھ 8 جنوری 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) سپیکر قوی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے حوالےسے سپیکر قومی اسمبلی پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے، بانی سے ملاقات کروانا میرا مینڈیٹ ہے اور نہ ہی ذ میری مہ داری ، میرے عہدے پر تنقید کرنے والے چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جائوں تو میں اس تجویز پر غور کے لیے تیار ہیں ۔

انھوں نے تحریک انصاف کے رہنمائوں کے الزامات پر ردعمل میں کہا کہ بانی سے ملاقات نہ کروانے پر میرے کردار ادا نہ کرنے پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے۔واضح کر دیتا ہوں کہ میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے ،ایسے بیانات دینا کہ سپیکر آفس سے رابطے پر مثبت جواب نہیں آیا ،افسوسناک ہے،میرے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں،میں نے کبھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا سب ریکارڈ پر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر پارلیمنٹ کی بالا دستی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے سہولت کار کا کردار نبھانے کی پوری کوشش کی ہے، میرا بیرون ملک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں میٹنگ کا انتظام نہیں کر سکتا، جب حکومت اور اپوزیشن کہے گی تو فوری میٹنگ کا اہتمام کر دوں گا ۔