کراچی سکھر موٹروے ملکی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی ، وفاقی وزیر مواصلات

بدھ 8 جنوری 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کئی سال سے زیر التوا کراچی سے سکھر موٹروے رواں سال 2025میں تعمیر کے آغاز کا فیصلہ کر لیا ہے،کراچی سکھر موٹروے پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر شروع کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بدھ کوخصوصی محکمانہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے اجلاس میں کراچی سے سکھر تک موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ سندھ حکومت کو بھی اس موٹروے کی تعمیر میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ اس موٹروے کا آغاز کراچی پورٹ سے ہوگا اور اس کو سکھر موٹروے سے منسلک کر دیا جائے گا،اسی طرح کراچی سے سکھر موٹروے کی تعمیر کے بعد ملک میں نارتھ، ساؤتھ موٹروے کا نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سکھر موٹروے پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر شروع کیا جا سکتا ہے ،البتہ اگر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میسر نہ ہوئی تو حکومت خود اس موٹروے کا خرچہ اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ موٹروے ملکی ترقی بالخصوص تجارتی مال کے نقل و حمل میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئندہ 25برسوں میں یہ موٹروے حکومت کو 3000ارب روپے منافع کے طور پر دے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی سکھر موٹروے کا کام انشاء اللہ سال 2025میں جلد از جلد شروع کر دیں گے تاکہ قومی ترقی کے اس اہم منصوبے کو کم سے کم وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔