جے یو آئی نے جی ڈی اے کے احتجاجی مارچ میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

بدھ 8 جنوری 2025 21:08

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء) جے یو آئی نے جی ڈی اے کے احتجاجی مارچ میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کی مجلس عاملہ نے فیصلہ کیا ہے کہ دریائے سندھ پر نئے کینال بنانے کے خلاف جے یو آئی سندھ کی جانب سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں جی ڈی اے کی عدم شرکت کی وجہ سے 11 اور 12 جنوری کو جی ڈی اے کی طرف سے حیدرآباد، میرپورخاص اور عمر کوٹ میں ہونے والے مارچ میں احتجاجاً شرکت نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام سندھ کے ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری نے اپنے ایک پریس بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ کے قائد راشد محمود سومرو دریائے سندھ کے پانی کی چوری، امن و امان اور سندھ کے مسائل پر روزانہ کی بنیاد پر بڑے بڑے عوامی اجتماعات میں توانا آواز بن کر احتجاج کررہے ہیں ایسی جدوجہد قائد سندھ راشد محمود سومرو کی قیادت میں جاری رہے گی، انہوں نے اعلان کیا کہ دریائے سندھ کے پانی، امن و امان اور کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر ملٹی نیشنل کمپنیوں کو زمینیں دینا اور سندھ کے دیگر مسائل پر 13 فروری جمعرات کے روز احتجاجی تحریک کے لیے جے یو آئی سندھ کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس سکرنڈ میں طلب کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے حقوق کے لیے جے یو آئی کی جدوجہد جاری رہے گی۔