سکھر تاجر اتحاد کا ٹرینوں کے اوقات کار میں گھنٹوں تاخیر، خستہ حال بوگیوں کی مرمت اور ریلوے نظام کی اپ گریڈیشن پر اظہار تشویش

بدھ 8 جنوری 2025 21:04

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)آل سکھر تاجر اتحاد کے رہنما میر عبدالرحمان مینگل کا سکھر ایکسپریس و دیگر ٹرینوں کے اوقات کار میں گھنٹوں تاخیر، خستہ حال بوگیوں کی مرمت اور ریلوے نظام کی اپ گریڈیشن پر اظہار تشویش، وفاقی وزیر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق آل سکھر تاجر اتحاد کے رہنما میر عبدالرحمان مینگل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکھر ایکسپریس سمیت کراچی جانے والی اور پنجاب سے آنے والی تمام ٹرینوں کے اوقات کار میں 8 سے 9 گھنٹے تاخیر کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہیں، ٹرینوں کی تاخیر سے نہ صرف کاروباری حضرات بلکہ مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ٹرینوں کی وقت پر آمدورفت مسافروں اور تاجروں کے لئے نہایت ضروری ہے کیونکہ اس کا تعلق عوام کے روزمرہ معاملات، کاروباری سرگرمیوں اور معاشی استحکام سے ہے، اگر اس معاملے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو یہ عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ٹرینوں کی بوگیوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے نہ ہی کوئی صفائی کے انتظامات ہوتے ہیں بلکہ بیشتر بوگیاں پرانی ہیں جن کی مرمت باقاعدگی سے نہیں کی جاتی، وقت پر مرمت نہ کرنے سے بوگیاں مزید خراب تر ہوتی جارہی ہیں، ماضی میں ٹرینوں کی بوگیوں میں صفائی ستھرائی کے اچھے انتظامات اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جاتی تھیں لیکن آج اس کے برعکس ہے، پاکستان ریلوے کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے بجائے تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا گیا ہے، میر عبدالرحمن مینگل نے ان تمام صورتحال اور اس سنگین مسئلے پر وفاقی وزیر ریلوے سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور جدید نظام کے نفاذ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی بوگیوں کی باقاعدہ مرمت، دیکھ بھال، صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، نئی بوگیاں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائے، ٹرینوں کی آمدورفت میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ عوام کا کھویا ہوا اعتماد بحال ہوسکے، ریلوے نظام کی اپ گریڈیشن اور وقت کی پابندی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور بہتر مینجمنٹ ضروری ہیں۔