ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ، پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا

ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ، پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت برقرار رہے گی. محکمہ موسمیات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 8 جنوری 2025 15:10

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ، پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 جنوری ۔2025 )ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے اور پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں، لہہ میں پارہ منفی 10 اور کالام میں منفی 9 تک گر گیا، قلات، استور میں منفی 8، کوئٹہ، گوپس، زیارت میں منفی 7 تک آ گیا، سکردو، دروش، چترال اور ہنزہ میں پارہ منفی 4 ریکارڈ کیا گیا.

(جاری ہے)

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی، قلات، وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر مفلوج ہو گیا. ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، گلگت بلتستان میں منجمد خلتی جھیل پر آئس ہاکی کے مقابلوں کا اعلان کیا گیا ہے، جمی ہوئی جھیل پر بچوں نے آئس ہاکی کی پریکٹس کی ادھر کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے پارہ 7 سے 9 ڈگری تک رہنے کاامکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے.

کراچی شہر میں اس وقت 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے، جبکہ آئندہ 24گھنٹوں میںمطلع صاف رہے گا تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے ہواﺅں کی سمت تبدیل ہوگی، جس کے بعد رات اور دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا. محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت برقرار رہے گی محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید جب کہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے اس کے علاوہ کشمیر ، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار اوربالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی دھند کا امکان ہے.