Live Updates

جمائما خان ہائیکنگ کے دوران گر گئیں، ہسپتال منتقل

بدھ 8 جنوری 2025 04:25

کیپ ٹائون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)برطانوی فلم پروڈیوسر، لکھاری اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان گولڈ اسمتھ ہائیکنگ کے دوران پہاڑ سے گرنے پر زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔جمائما خان نے سال نو کے موقع پر انسٹاگرام پر ہائیکنگ کی اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے گرنے کا بھی بتایا۔

فلم پروڈیوسر و لکھاری کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ انہوں نے جنوبی افریقی شہر کیپ ٹائون کے قریب بلند پہاڑوں پر اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ ہائیکنگ کی۔انہوں نے کیپشن میں بتایا کہ انہوں نے 2025 کو پہاڑوں کے دامن میں ہائیکنگ کرتے ہوئے گلے لگایا اور خوش ا?مدید کیا۔

(جاری ہے)

جمائما خان نے اپنی پوسٹ میں ہائیکنگ کے دوران گرنے کا ذکر بھی کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ہسپتال کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

فلم ساز کی جانب سے شیئر کردہ ہسپتال کی تصاویر اور ویڈیوز میں انہیں بستر پر دیکھا جا سکتا ہے جب کہ انہیں بیساکھی کی مدد سے چلتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔جمائما خان نے اپنے زخمی ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم ان کی تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ ان کے پائوں اور ٹانگ کے نچلے حصے کی ہڈیوں میں فریکچر ہوئے ہیں لیکن اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔فلم پروڈیوسر کی جانب سے ہائیکنگ کے دوران گرنے اور ہسپتال میں داخل ہونے کی تصاویر شیئر کرنے پر ان کے مداحوں نے ان کی صحت یابی کی دعائیں کیں جب کہ پاکستانی افراد نے بھی انہیں سابق بھابھی لکھ کر ان کی جلد بہتری کی دعائیں کیں۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات