ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عہد ساز شخصیت اور سیاسی بصیرت کے وہ علمبردار تھے،جانی میمن

قائدعوام نے اپنے دور حکومت میں قادیانیوں کو کافر قرار دے کر پوری دنیا میں اپنی مذہبی بصیرت کا ثبوت فراہم کیا،صدر پیپلزپارٹی کورنگی

بدھ 8 جنوری 2025 04:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء) ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عہد ساز شخصیت اور سیاسی بصیرت کے وہ علمبردار تھے جنہوں نے پاکستان کی تاریخ کو دنیا کے سامنے ایسے پیش کیا جیسے ایک مقرر ، تاریخ داں، قلم کار اور تجزیہ نگار اپنی تحریروں کے آبگینوں کو سمندر کی بڑی بڑی موجوں سے ٹکرا کر ساحل مراد تک لے آتا ہے ان خیالات کا اظہار ضلع کورنگی کے صدر محمد جانی میمن نے لاڑ کانہ و سندھ کے دیگر علاقوں کے پارٹی قائدین سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ذہانت و فطانت اور سیاسی بصیرت کا ایک انمول اور منفرد وہ گوہر نایاب ہے جو پاکستانی تاریخ کا ہمیشہ جھومر بنا رہیگا انہوں نے اپنے دور حکومت میں قادیانیوں کو کافر قرار دے کر پوری دنیا میں اپنی مذہبی بصیرت کا ثبوت فراہم کیا۔

(جاری ہے)

ان کی اس سیاسی اور مذہبی بصیرت کو آج تک پاکستان کے مذہبی اداروں کے سربراہان و دیگر ہزاروں افراد ان کے اس کارنامے کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت اور ان کے اس مذہبی کارنامے کو سامنے رکھتے ہوئے آغا شورش کاشمیری جو ہفتہ روز ہ چٹان کے مدیر اعلیٰ تھے نے اپنے ہفتہ روزہ رسالے کے اداریے میں لکھا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قادانیت کو غیر مسلم قرار دلو ا کر جو کارنامہ انجام دیا ہے ہو سکتا ہے کہ میرا رب تعالیٰ اس کارنامے کو دیکھتے ہوئے ان کی بخشش و مغفرت کا پروانہ جاری کر دے ۔

محمد جانی میمن نے کہا کہ قائد جمہوریت اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی کارناموں اور ملک و ملت کے مذہبی کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کراچی اور سندھ بھر کی عوام نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ہمیشہ کرتے رہینگے ۔ محمد جانی میمن کی قیادت میں جانے والے نمائندہ وفد میں شرجیل رضوانی ، امام بخش ڈومکی بلوچ ، حامد حقانی ، ملک محمد ریاض و دیگر پارٹی ذمہ داران شامل تھے ۔

محمد جانی میمن نے پارٹی قائدین سے ملاقات کے دوران انہیں بتایا کہ جب رب تعالیٰ کسی شخص کو مرتبہ ووقار کی بلندیوں، حق و صداقت کے دروازے انسان پر عیاں کرتا ہے تو رب تعالیٰ اس قوم ، قبیلے اور اس خاندان کے افراد کو قوم کی رہبری اور رہنمائی کیلئے چن لیا کرتا ہے جس طرح ہمیں اور پاکستان کے ہر باسی کو ذوالفقار علی بھٹو شہید کی شخصیت اور اب اس کارواں کے سر خیل آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ہیں جو پاکستان کی سیاسی تاریخ کے وہ منفرد چراغ ہیں جن کی روشنی میں ہم چل کر سیاسی کارواں کو مستقل بنیادوں پر چلاتے رہینگے۔