ملک بھرمیں سردی کی شدت برقرار، استور میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری ریکارڈ

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری ، پارا نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا،شہری گھروں میں محصور ، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 7 جنوری 2025 15:55

ملک بھرمیں سردی کی شدت برقرار، استور میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری ریکارڈ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جنوری ۔2025 )ملک کے طول و عرض میں سردی کی شدت برقرار ہے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اوراستور میں درجہ حرارت منفی 13، قلات میں منفی 5، کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا جبکہ ملتان میں 6، اسلام آباد 7، لاہور 8 اور کراچی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا دوسری جانب مالم جبہ میں 22 جبکہ میرکھانی میں 16 ملی میٹر بارش ہوئی پہاڑی علاقوں میں آج بھی موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے.

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پارا نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا جس سے دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں شدید سردی اور برفباری کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی.

وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر ہوگیا قلات میں درجہ حرارت منفی 10، زیارت میں منفی 9، گوپس اور کوئٹہ میں پارا منفی 7 کو چھو گیا جبکہ لہہ منفی 5 اور استور میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے حالیہ برفباری کے بعد بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن ہونے لگی مقامی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایت کر دی.

ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کی لہر 9 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور کم سے کم پارہ 7 تک رہنے کا امکان ہے ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ہے جب کہ شمال مشرق سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل اور اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا جناح ٹرمینل پر جنوری کا اوسط درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جب کہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا ہے اس کے علاوہ شاہراہ فیصل پر 11.5، ماڑی پور میں10 اور بن قاسم میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ یہاں معمول سے زیادہ ٹھنڈ ہورہی ہے دسمبر اور جنوری میں سردی گزشتہ سال کے مقابلے زیادہ ہے کراچی میں ٹھنڈ کی لہراگلے دو تین روز تک رہنے کاامکان ہے محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بنوں،لکی مروت،ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور،نوشہرہ میں دھند کی توقع ہے جبکہ مری اور گلیات میں موسم شدید سرد اورخشک رہے گا، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد میں دھند کا امکان ہے جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی دھند پڑنے کی توقع ہے،سندھ میں سکھر،شکارپور،کشمور اور خیرپور میں بھی دھند پڑنے کی توقع ہے دوسری جانب بلوچستان کےاکثراضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال دیئے.

قومی شاہراہ پردھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جس کے باعث موٹر ویز کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے، عبدالحکیم موٹر وے ایم 3 کو بھی ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا ہے موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ ایم 11 بھی دھند کے سبب بند ہے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں.