Live Updates

ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ سے بہت زیادہ جنگ لڑی لیکن کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی

پی ٹی آئی نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کئے، اب انجام بھگت رہی ہے، اگر کوئی پینٹاگون پر حملہ کرے تو اس کو سیاسی احتجاج کہہ کر کوئی مٹی نہیں ڈالے گا، کون سا ملک ایسی سیاست کی اجازت دیتا ہے؟ احسن اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 جنوری 2025 19:31

ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ سے بہت زیادہ جنگ لڑی لیکن کبھی ریڈلائن ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 جنوری 2025ء ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ سے بہت زیادہ جنگ لڑی لیکن کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی،پی ٹی آئی نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کئے، اب اپنے کئے کا انجام بھگت رہی ہے، اگر کوئی پینٹاگون پر حملہ کرے تو اس کو سیاسی احتجاج کہہ کر کوئی مٹی نہیں ڈالے گا، کون سا ملک ایسی سیاست کی اجازت دیتا ہے؟ انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کا مقصد برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، عمران خان دوسروں کا محاسبہ کرتے تھے کہ اپنی رسیدیں دکھاؤ، جب اپنی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو کلین بولڈ ہوگئے ہیں، بانی پی ٹی آئی دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے اپنی دکھا نہیں سکے، عمران خان اپنی رسیدیں دکھائیں تو کیسز ختم ہوجائیں گے اور رہا ہوجائیں، لیکن ان کے پاس کسی چیز کی رسید موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت نہ اسٹیبلشمنٹ سیاستدانوں کو استعمال کررہی ہے اور نہ سیاستدان اسٹیبلشمنٹ کو استعمال کررہے ہیں، نہ ہی کوئی عدلیہ کو استعمال کررہا ہے، سیاستدان، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ سب اپنے تجربات سے سیکھ چکے ہیں، سب کو اس بات کا احساس ہے کہ اس وقت ملک کو جیوپالیٹکس کے چیلنجز ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان میں ہر قیمت پر استحکام رکھا جائے۔

پی ٹی آئی نے پاکستان میں کتنے جلسے کئے کبھی ان پر کسی نے پھول بھی نہیں پھینکا تھا، لیکن جب 9مئی کو پی ٹی آئی نے فوجی تنصیبات پر حملے کئے تو پھر انہوں نے اپنی سیاست کا طرز بدل دیا، امریکا میں اگر کوئی پینٹاگون پر حملہ کرے تو اس کو سیاسی احتجاج کہہ کر کوئی مٹی نہیں ڈالے گا، برطانیہ ، جرمنی فرانس میں اگر کوئی فوجی تنصیبات پر حملہ کرے تو کوئی اس کو سیاسی احتجاج کہہ کردرگزر نہیں کرے گی، ہر ملک کی ریڈلائن ہوتی ہے کہ دفاعی اداروں کا احترام کریں۔

پی ٹی آئی اس ریڈلائن کو اگر کراس کیا ہے تو کوئی اسٹیبلشمنٹ نہ سیاستدان کا گٹھ جوڑ ہے پی ٹی آئی صرف اپنے کئے ہوئے کا انجام بھگت رہی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے زیادہ اسٹیبلشمنٹ سے کبھی کسی نے جنگ نہیں لڑی، لیکن کبھی کسی جماعت نے کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی۔ ایک طرف ہمارے قومی سلامتی کے ادارے دشمنوں سے لڑتے ہوئے اپنا لہو بہا رہے ہیں دوسری جانب پی ٹی آئی اداروں کے خلاف وہ مہم چلائے جو را بھی چلانے کا سوچ نہ سکے۔پھر اس طرح کی سیاست کی اجازت کون سا ملک دیتا ہے؟
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات