بلا مسلسل خاموش اور تنقید کا سامنا، کیا کوہلی ریٹائرمنٹ کا سوچنے لگے

روہت شرما ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے اور شاید کوہلی بھی ٹیم میں جگہ نہ بننے پر ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 جنوری 2025 12:24

بلا مسلسل خاموش اور تنقید کا سامنا، کیا کوہلی ریٹائرمنٹ کا سوچنے لگے
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جنوری 2025ء ) کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا بلا ان دنوں خاموش ہے اور اسی وجہ سے وہ کافی مشکل وقت سے گز رہے ہیں، سابق کرکٹرز ہوں یا شائقین ہر کوئی کوہلی کے آؤٹ آف فارم ہونے پر ان پر تنقید کر رہا ہے۔
اتوار کو آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دیکر 5 میچوں پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی 1-3سے اپنے نام کر لی۔

آسٹریلیا نے بھارت کو سڈنی ٹیسٹ میں 6 وکٹوں سے شکست دیکر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا اور بھارت کا فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ 
کوہلی کے بارڈرگواسکر ٹرافی میں بڑے رنز نہ بنانے اور مسلسل وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہونے کی وجہ سے ان کے ٹیسٹ کیریئر کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈرگواسکر ٹرافی کے 5 میچز میں صرف 190 رنز بنائے۔

ویرات کوہلی اس سیریز میں 9 اننگز میں 8 بار کور ڈرائیو مارنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے، بولر ان کی تکنیکی خامیوں سے اب پوری طرح واقف ہو چکے ہیں اور وہ انہیں آسانی سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
سابق بھارتی کرکٹر دیپ داس گپتا نے تو یہ تک کہہ دیا کہ کوہلی کا تکنیکی نہیں ، یہ ذہنی مسئلہ ہے۔ 
مسلسل رنز نہ بنانے کی وجہ سے بھارتی کپتان روہت شرما آسٹریلیا کیخلاف آخری ٹیسٹ سے باہر ہوئے جس کے بعد کوہلی کے بھی مستقبل میں ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

یہ بھی خبریں گردش میں ہیں کہ روہت شرما ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے اور شاید کوہلی بھی ٹیم میں جگہ نہ بننے پر ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچیں۔ 
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی ابھی ریٹائرمنٹ لینے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ کوہلی نے 2027ء کے ون ڈے ورلڈ کپ تک ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا عزم کر رکھا ہے۔ 
البتہ جون میں ہونے والے انگلینڈ کے دورے کے حوالے سے کچھ خدشات بھی سامنے آئے ہیں ۔

 
بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایک سابق بھارتی سلیکٹر نے کہا کہ آئی پی ایل کی کارکردگی یا فارم کی بنیاد پر روہت شرما یا ویرات کوہلی کو ٹیم میں منتخب کرنا بہت مشکل ہوگا۔ انگلینڈ کے دورے سے پہلے دونوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ڈومیسٹک میں جاکر کچھ ریڈ بال کرکٹ کھیلیں۔
واضح رہے کہ روہت شرما اور کوہلی پہلے ہی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :