Live Updates

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر

فیصلہ سنائے جانے کی نئی تاریخ سے متعلق کل وکلاء کو آگاہ کیا جائے گا، عدالت نے 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 جنوری 2025 15:54

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جنوری 2025ء ) سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ کو 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کل فیصلہ سنانا تھا، تاہم اب 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا، 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا ہے، فیصلہ سنائے جانے کی نئی تاریخ سے متعلق کل وکلا کو آگاہ کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر 2024ء کو محفوظ کیا، پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کرکے 6 جنوری مقرر کی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں 27 فروری 2024ء کو فرد جرم عائد کی گئی، جس کے بعد ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا، اس دوران 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں، ریفرنس میں کل 35 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، ریفرنس میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک گواہوں میں شامل ہوئے، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، القادر یونیورسٹی کے چیف فنانشل افسر کو بھی گواہان میں شامل کیا گیا۔

عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات