امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہائی پروفائل تقریبات کے پیش نظرسخت حفاظتی انتظامات

کانگریس کے توثیقی اجلاس‘جمی کارٹرکی آخری رسومات اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کے لیے سیکورٹی اداروں کے اضافی اہلکار تعینات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 4 جنوری 2025 16:07

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہائی پروفائل تقریبات کے پیش نظرسخت حفاظتی ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جنوری ۔2025 )امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں تین ہائی پروفائل تقریبات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے سال نو پر نیو اورلینز میں دہشت گردی کے حملے اور لاس ویگاس کے ٹرمپ انٹر نیشنل ہوٹل کے سامنے سائبر ٹرک دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی کے ادارے واشنگٹن اور اس کے ارد گرد حفاظتی حصارقائم کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق دار الحکومت میں تین ہائی پروفائل تقریبات کے سلسلہ میں پہلی تقریب پیر کو ہو گی جب کانگریس صدارتی انتخاب کے نتائج کی توثیق کرے گی دوسری تقریب آنجہانی صدر جمی کارٹر کا سرکاری آخری رسومات کی ادائیگی ہے جو منگل کو ایک تقریب او ر جلوس سے شرو ع اور جمعرات کو ختم ہوں گی جبکہ تیسری ہائی پروفائل تقریب 20 جنوری کو ہو گی جب منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھائیں گے.

یو ایس سیکریٹ سروس واشنگٹن فیلڈ آفس کے سپیشل ایجنٹ انچارج میٹ میک کول کا کہنا ہے کہ تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ پندرہ دن میں تین نیشنل سپیشل سیکیورٹی کی تقریبات منعقد ہوئی ہو ں دوسری جانب وائٹ ہاﺅس نے کہا ہے کہ وہ امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کے ساتھ مل کر 20 جنوری کی حلف برداری کے موقع پر کسی ممکنہ حملے کے خلاف حفاظتی اقدامات پر کام کر رہے ہیں.

صدر بائیڈن کے نیشنل سیکیورٹی کمیونیکیشن کے ایڈوائزر جان کربی نے کہا ہے کہ وائٹ ہاﺅس میں ٹرمپ کے نامزد قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز کو بھی نئے سال کے موقع پر نیو اورلینز حملے تفتیشی کارروائی سے آگاہ کیا ہے یو ایس سیکریٹ سروس کے میٹ میک کول نے کہا کہ ہم ایسی تقریبات پر کچھ حالات میں برسوں سے کام کر رہے ہیں اس لیے ہم تیار ہوں گے نیو اورلینز حملے اور لاس ویگاس ٹرک دھماکےسے پیدا ہونے والے خدشات کے باوجود سیکیورٹی اہلکار ابھی تک اس بارے میں پر اعتماد ہیں کہ واشنگٹن کی تقریبات بحفاظت انجام پاجائیں گی.

ایف بی آئی واشنگٹن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انچارج ڈیوڈ سینڈبرگ نے کہا ہے کہ ہمیں ان تقریبات سے منسلک کسی بھی قسم کے مستند یا خصوصی خطرات نظر نہیں آرہے ہیں قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی کے ادارے تاہم کوئی چانس نہیں لے رہے اور وہ یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ شہر اور علاقہ ایک سخت خطرے کے ماحول کی لپیٹ میں ہے سیکریٹ سروس کا کہنا ہے کہ وہ ملک بھر سے اہلکاروں کو لارہے ہیں تاکہ عملے کو بڑھا سکیں جس کی تعدا د پہلے ہی تین سال تک رہنے والی تعداد سے زیادہ ہے.

واشنگٹن کے میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ اس نے اپنی نفری میں ملک بھر کے محکموں سے لگ بھگ 4ہزار پولیس افسروں کا اضافہ کر لیا ہے کیپیٹل نیشنل گارڈ بیورو نے تصدیق کی کہ اس نے بھی اضافی مدد کی درخواستوں کی منظوری دے دی ہے جس میں چھ جنوری کو انتخابات کی سر ٹیفکیشن کے لیے 500 محافظ اور صدر جمی کارٹر کی سرکاری طور پر اداکی جانے والی آخری رسومات کے لیے لائزان آفیسرز شامل ہیں.

صدرٹرمپ کی حلف برداری کے موقع پر سیکورٹی میں مدد کے لیے 7800 نیشنل گارڈز سولجرز اور ائیر مین کے لیے اضافی درخواست ابھی زیر التوا ہے واشنگٹن کے کچھ حصو ں میں اور امریکی کانگریس کی عمارت کے ارد گرد رکاوٹوں اور جنگلے سمیت سیکورٹی کے اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں ایجنٹ میک کول کا کہنا ہے سیکریٹ سروس ہمار ے جامع سیکیورٹی پلان کے سلسلے میں ڈرونز کا استعمال کرے گی.

واشنگٹن کے میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ اس کے بڑھے ہوئے سیکیورٹی اقدامات اتوار کے روز سے شروع ہو جائیں گے اور شہر بھر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے اسپیشلائزڈ آفیسرز متعین کیے جائیں گے واشنگٹن میں عہدے دار امکانی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہیں ان کا کہنا ہے کہ متعدد مجوزہ مظاہروں کو پہلے ہی ضروری اجازت نامے مل چکے ہیں میٹرو پولیٹن پولیس کی چیف پامیلا اسمتھ نے کہا کہ ہم یہاں اپنے شہر میں پر امن اجتماع اور احتجاج کے حق کو بر قرار رکھنے سے وابستہ ہیں.

انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ جب یہاں خصوصی تقریبات ہو ں گی تو ہم کسی تشدد، بلوے ، املاک کی توڑ پھوڑ یا کسی بھی ایسے رویے کو برداشت نہیں کریں گے جس سے ہماری سیفٹی اور سیکیورٹی کو کوئی خطرہ لاحق ہو.