وزارت مذہبی امور نے حج لیبر کوٹہ پر کم آمدنی والے 300ملازمین کی 15جنوری تک نامزدگیاں طلب کر لیں

درخواستیں مقررہ تعداد سے تجاوز کر نے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا، ترجمان مذہبی امور

جمعہ 3 جنوری 2025 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2025ء)وزارت مذہبی امور نے حج لیبر کوٹہ پر کم آمدنی والے 300ملازمین کی 15جنوری تک نامزدگیاں طلب کرلیں، درخواستیں مقررہ تعداد سے تجاوز کر نے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا ۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج پالیسی 2025میں لیبر کوٹہ کیلئے 300نشستیں مخصوص ہیں جس میں پبلک اور کارپوریٹ سیکٹر کے سکیل 1تا 9کے مساوی ملازمین، مزدور، صنعتی کارکن اور کان کن اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان مذہبی امور کے مطابق لیبر کوٹہ پر منتخب ہونے والے کم آمدن والے ملازمین کے حج اخراجات سماجی ذمہ داری کے تحت ان کا متعلقہ ادارہ برداشت کرے گا۔ کارپوریٹ اداروں کاایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ(ای او بی آئی)، ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف)سے رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔ وزارت نے کہا کہ خواہشمند ادارے ورکرز ویلفیئر فنڈ کو 15جنوری تک مجوزہ فارم پر نامزدگیاں جمع کروائیں۔وزارت نے ایک دوسرے خط میں وفاقی و صوبائی وزارتوں سے منسلک اداروں کی نامزدگیاں ان کی متعلقہ وزارت کے ذریعے مذہبی امور کو 15جنوری تک بھجوانے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ لیبر کوٹہ کے تحت درخواستیں زیادہ موصول ہونے کی صورت میں 3سو نشستوں پر قرعہ اندازی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :