پاکستان کے اہم ترین سفری و سیاحتی ادارے متحد ہو کر کوشش کریں تو سیاحت سے اربوں ڈالرز آ سکتے ہیں،حافظ طاہر محمود اشرفی

2025ء مذہبی سیاحت کے فروغ کا سال ہو گا،تمام اسلامی عرب ممالک کے ذمہ داران سے رابطے کریں گے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 3 جنوری 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2025ء)چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اہم ترین سفری و سیاحتی ادارے متحد ہو کر کوشش کریں تو اربوں ڈالرز سیاحت سے آ سکتے ہیں۔جاری بیان میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ 2025ء مذہبی سیاحت کے فروغ کا سال ہو گااس کیلئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے تمام اسلامی عرب ممالک کے ذمہ داران سے رابطے کریں گے، پاکستان کے اہم ترین سفری و سیاحتی ادارے متحد ہو کر کوشش کریں تو اربوں ڈالرز سیاحت سے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ حج کے بعد اہم اسلامی عرب ممالک کے سیاحتی وزرا کی کانفرنس پاکستان میں بلائیں۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کی ٹورازم کی وزارت نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس سے رہنمائی لینی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئی جہتوں اور تعاون کے راستوں کو کھولا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کسی صورت نہیں چاہتے کہ حج کے معاملے میں کسی سے زیادتی ہو،آیس آئی ایف سی مذہبی سیاحت کے فروغ میں اہم معاونت کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام پاکستان کیلئے مفید ترین ہے۔