مذاکرات ہونے دیں، حکومت وقت پورا کرتی ہے یا نہیں وہ بعد کی بات ہے‘ شاہ محمود قریشی

مذاکرات کی ضرورت پاکستان کو ہے، تحریک انصاف کو نہیں، مذاکرات مثبت نتیجے پر جانے چاہئیں ورنہ حکومت ڈگمگا جائیگی بانی پی ٹی آئی کی سوچ اور فیصلہ ملک کے مفاد کے لیے ہے، ہمارا کوئی ناجائز مطالبہ نہیں ہے‘ پی ٹی آئی رہنما کی غیر رسمی گفتگو

جمعہ 3 جنوری 2025 22:39

مذاکرات ہونے دیں، حکومت وقت پورا کرتی ہے یا نہیں وہ بعد کی بات ہے‘ شاہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مذاکرات ہونے دیں، حکومت وقت پورا کرتی ہے یا نہیں وہ بعد کی بات ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے، میری دعا ہے کہ مذاکرات کسی منطقی نتیجے تک پہنچیں۔انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات کی ضرورت پاکستان کو ہے، تحریک انصاف کو نہیں، مذاکرات مثبت نتیجے پر جانے چاہئیں ورنہ حکومت ڈگمگا جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کے دور کے لیے خطرہ ہو گی، بانی پی ٹی آئی کی سوچ اور فیصلہ ملک کے مفاد کے لیے ہے، تحریک انصاف نے نیک نیتی سے مذاکرات کا عمل شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جمہوریت کے دعویدار سنجیدگی سے مذاکرات آگے بڑھائیں، ہمارا کوئی ناجائز مطالبہ نہیں ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو سیاسی قیدی ہیں ان کو رہا کیا جائے، ضمانت تو قتل کے ملزم کو بھی مل جاتی ہے، ہم ڈیڑھ سال سے جیل میں ہیں، ضمانت ملی نہ کیس شروع ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج تک سول ملٹری اتفاق سے ہی ترقی ممکن ہوئی، بلاول کو پتہ ہونا چاہیے کہ ملک کی ضرورت کیا ہے، پاکستان قائم و دائم رہے گا، سیاسی دانشمندی وقت کی ضرورت ہے۔