ٹیسکو کی 14 ارب روپے کے پانچ سالہ سرمایہ کاری کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل

جمعرات 2 جنوری 2025 22:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2025ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے ٹرائیبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کی مالی سال 26-2025 سے 30-2029 تک 14 ارب روپے کے پانچ سالہ سرمایہ کاری کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل کرلی ہے ،نیپرا نے مالی کارکردگی اور فری کیش فلو پوزیشن کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیںاور لودشیڈنگ کے خاتمے کامنصوبہ بھی طلب کر لیاہے۔

نیپرا کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیپرا ہیڈ کواٹرز میں ٹیسکو کی مالی سال 26-2025 سے 30-2029 تک 14 ارب روپے کے پانچ سالہ سرمایہ کاری کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل کر لی گئی ۔ سماعت چئیرمین نیپرا کی زیر صدارت ہوئی۔نیپرا نے کہا کہ ٹیسکو نے اپنے وسائل سے 53 فیصد جبکہ وفاقی/ صوبائی 47 فیصد منصوبوں کی فنانسنگ کا ذکر کیا، ٹیسکو اپنی مالی کارکردگی اور فری کیش فلو پوزیشن کے حوالے سے بتائے، ٹیسکو کا میٹرنگ سسٹم صرف 11 کے وی فیڈرز کی سطح تک محدود ہے اور زیادہ تر گھریلو صارفین پر کوئی میٹر نہیں ہے، نیپراٹیسکو صارفین اور سی ڈی پی کی سطح پر میٹرنگ کو تیز کرے،ٹیسکو کی سرمایہ کاری پلان میں سالانہ 6 فیصد گروتھ پر نیپرا اتھارٹی نے سوالات اٹھا دیے،کمپنی بنیادی طور پر وفاقی/صوبائی حکومتوں کی طرف سے سبسڈی (فاٹا سبسڈی) پر انحصار کرتی ہے، اگر سبسڈی نہیں دی جاتی توکمپنی کی سرمایہ کاری کے لئے متبادل کیا پلان ہے۔

(جاری ہے)

نیپرانے کہا کہ وفاقی/صوبائی حکومتوں کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی اور گھریلو صارفین کی نان میٹرائزیشن کی وجہ سے پچھلا سرمایہ کاری کا منصوبہ کم استعمال ہوا، ٹرانسمیشن گرڈ پروجیکٹس جیسے منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے صارفین پر لاگت کے منفی ا اثرات مرتب ہوتے ہیں،اس وقت ٹیسکو 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے۔، ٹیسکو مستقبل میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے کیا پلان بنا رہی ہے۔