ایبٹ آباد:مسلم لیگ کے یوم تاسیس کے موقع پر ہزارہ ڈویثرن کی مرکزی تقریب کا انعقاد

پیر 30 دسمبر 2024 18:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2024ء) مسلم لیگ کے یوم تاسیس کے موقع پر ہزارہ ڈویثرن کی مرکزی تقریب کا انعقاد ایبٹ آباد میں ہوا،مسلم لیگ کے 118 ویں یوم تاسیس پر ہزارہ ڈویژن کی مرکزی تقریب سوموار کے روز ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی ،جس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ارکان و امیدوار صوبائی و قومی اسمبلی،ضلع،تحصیل و سٹی کے عہدیداران اور پارٹی کےکارکنان نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی و ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ شائشتہ جدون،ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ایبٹ آباد ملک محبت اعوان،ایم پی اے سیدہ شہلا رضا،سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ،سردار محمد فرید ،سابق امیدوارصوبائی اسمبلی سردار محمد خالد،مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی،سیکرٹری اطلاعات سہیل اعوان،تحصیل جنرل سیکرٹری ضیافت ستی،تحصیل صدر حویلیاں زبیر جدون اور دیگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ہے،مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن ہی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے،پاکستان کو مضبوط بنانے میں مسلم لیگ ن کی کاوشیں مثالی رہی ہیں،صرف مسلم لیگ (ن) نے اپنی ترقی پسند اور جامع پالیسیوں کے ذریعے بامعنی تبدیلی لائی ہے،پاکستان کو ن لیگ سے بہتر کوئی نہیں سنبھال سکتا۔

(جاری ہے)

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو بنانے والی جماعت بھی مسلم لیگ ہے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والی جماعت بھی مسلم لیگ (ن )ہی ہے۔مقررین نے یوم تاسیس پر اس بات کا عہد کیا کہ ملک کی تعمیروترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔