کرسمس کیرل سنگنگ، نائلہ آشبیل کے گیتوں نے حاضرین کو مسحور کر دیا

تقریب کی مہمانِ خصوصی مقامی ایم پی اے شکیلہ آرتھر جاوید نے اپنے خطاب میں نائلہ آشبیل کی آواز کی دل کھول کر تعریف کی

پیر 30 دسمبر 2024 17:25

ٓ کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2024ء)کرسمس کی خوشیوں کے سلسلے میں سیالکوٹ کے نواحی گاو?ں ججے سائیاں میں ایک خوبصورت کیرل سنگنگ پروگرام منعقد ہوا، جس کا اہتمام ایلڈر رتنویر گل نے کیا۔ اس تقریب میں شاد میوزک منسٹری کے بچوں نے دلکش کرسمس گیت پیش کیے، جبکہ آرزو راشد چوہان اور نائلہ آشبیل کی آواز میں پیش کیے گئے گیتوں نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی مقامی ایم پی اے شکیلہ آرتھر جاوید نے اپنے خطاب میں نائلہ آشبیل کی آواز کی دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ''مجھے نائلہ کی آواز ہمیشہ سے پسند رہی ہے، اور آج بھی میں ان کے گیت سننے کی منتظر تھی۔ خدا کی مہربانی سے، وقت پر یہاں پہنچ کر ان کی مدھر آواز سننا ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

''انہوں نے نائلہ کے شوہر، استاد آشبیل شاد، کے گلوکاری کے فن کو بھی سراہا اور آرزو راشد چوہان کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ گلوکاران خدا کے دیے ہوئے تحفے کو بہترین انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔

ایم پی اے شکیلہ آرتھر جاوید نے کہا، ''خدا ہمیں جو نعمتیں عطا کرتا ہے، ان کا صحیح استعمال ضروری ہے۔ ہمیں اپنے تحائف اور صلاحیتوں کو بڑھانے اور دوسروں کی خدمت میں استعمال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ خدا ہمیں مزید برکتوں سے نوازے۔''انہوں نے فادر اشرف گل، راشد چوہان، بابو چاند عاشق، ایلڈر تنویر گل، ایلڈر شاہد بھٹی، پریم مسیح، اور کاتھولک کلیسیا کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنایا۔

مزید برآں پاکستان پیٹریاٹک سوسائٹی کے زیر اہتمام ''امن کے پیامبر'' کے عنوان سے کرسمس کی ایک اور پررونق تقریب منعقد ہوئی، جس نے مسلم اور مسیحی اتحاد کی ایک بہترین مثال قائم کی۔ اس تقریب میں نائلہ آشبیل اور استاد آشبیل شاد نے روحانی گیت ''راہِ حق اور زندگی'' پیش کیا، جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔تقریب کے اختتام پر نائلہ آشبیل کو ایک خوبصورت شیلڈ جبکہ استاد آشبیل شاد کو بائبل مقدس تحفے میں دی گئی۔ استاد آشبیل شاد نے پاکستان پیٹریاٹک سوسائٹی کے چیئرمین حسنین پاشا کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس بابرکت پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔یہ تقاریب نہ صرف کرسمس کی خوشیاں منانے کا ذریعہ بنیں بلکہ امن اور یکجہتی کا پیغام دینے میں بھی کامیاب رہیں۔